رسائی کے لنکس

چرچل کی بنائی گئی پینٹنگ ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں نیلام


یہ پینٹنگ ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کی ملکیت تھی۔
یہ پینٹنگ ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کی ملکیت تھی۔

ہالی وڈ کی نام ور اداکارہ اینجلینا جولی کی زیرِ ملکیت ایک 'تاریخی پینٹنگ' ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر سے زائد میں نیلام ہو گئی ہے۔

یہ پینٹنگ برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل نے بنائی تھی جس میں انہوں نے مراکش کی کتبیہ مسجد کے مینار اور اس کے ارد گرد کے علاقے کی منظر کشی کی تھی۔

یہ پینٹنگ پیر کو لندن کے ایک میوزیم میں ہونے والی نیلامی کے دوران 82 لاکھ 85 ہزار پاؤنڈ میں فروخت کی گئی۔ نیلامی سے قبل تصویر کی مالیت کا تخمینہ 15 سے 25 لاکھ پاؤنڈ لگایا گیا تھا۔ تاحال اس پینٹنگ خریدنے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

ماضی میں بھی ونسٹن چرچل کی بنائی گئی کئی پینٹنگز فروخت ہو چکی ہیں اور اب تک ان کی سب سے مہنگی پینٹنگ 18 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی۔ لیکن اب اینجلینا نے اپنے پاس موجود پینٹنگ فروخت کر کے چرچل کی مہنگی ترین پینٹنگ کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

اس پینٹنگ میں ایسا کیا ہے؟

پینٹنگ میں نظر آنے والی تصویر مراکش میں بارہویں صدی میں تعمیر کی جانے والی ایک مسجد کی ہے جس کے عقب میں پہاڑ ہیں۔ پینٹنگ میں غروبِ آفتاب کا منظر دکھایا گیا ہے۔

یہ وہ واحد پینٹنگ ہے جسے برطانوی وزیرِ اعظم نے 1939 سے 1945 کے دوران ہونے والی دوسری جنگِ عظیم کے زمانے میں بنایا تھا۔ چرچل نے اسے جنوری 1943 میں کاسابلانکا کانفرنس کے بعد مکمل کیا تھا۔

اس کانفرنس میں یورپی ملکوں نے دوسری جنگِ عظیم کے دوسرے مرحلے کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا تھا اور اسی میں ونسٹن چرچل اور امریکہ کے اس وقت کے صدر فرینکلن روزویلٹ نے جرمنی کی نازی فورسز کو شکست دینے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے کانفرنس کے بعد مراکش کے دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا تھا تاکہ چرچل امریکی صدر کو وہاں کی خوبصورتی دکھا سکیں۔

چرچل نے اس کانفرنس کے بعد یہ پینٹنگ امریکی صدر روزویلٹ کو اپنی اس ملاقات اور دورے کی یادگار کے طور پر تحفے میں دے دی تھی۔

روزویلٹ کی 1945 میں وفات کے بعد اس پینٹنگ کو ان کے بیٹے نے فروخت کر دیا تھا۔ اگلے 65 برسوں تک مختلف افراد کی ملکیت رہنے کے بعد بالآخر 2011 میں ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی اور اُن کے شوہر بریڈ پٹ نے اسے خرید لیا تھا۔

اینجلینا اور بریڈ پٹ کی 2016 میں علیحدگی کے بعد یہ بات موضوعِ بحث تھی کہ ان کے جمع کیے گئے فن پاروں اب کا کیا ہو گا۔

ہالی وڈ کی اس جوڑی نے 2019 میں باضابطہ طور پر اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا جس کے تحت انہوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی تو اختیار کر لی تھی لیکن ان کے مالی معاملات اور بچوں کی پرورش کا معاملہ بدستور حل طلب رہا تھا۔

تاہم اب پیر کو اینجلینا جولی نے ونسٹن چرچل کی یہ نایاب پینٹنگ فروخت کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG