رسائی کے لنکس

کولمبیا میں مٹی کا تودہ گرنے سے 34 افراد ہلاک


اتوار کے روز مٹی کے تودے کے گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو کی کوششیں شروع کی گئیں۔
اتوار کے روز مٹی کے تودے کے گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو کی کوششیں شروع کی گئیں۔

کولمبیا کے شمال مغربی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے نزدیکی روڈ پر مٹی کا ایک بڑا تودا گرا جس کی زد میں ایک بس اور کئی اور گاڑیوں کے آنے کے سبب 34 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

مٹی کے تودے کے گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو کی کوششیں شروع کی گئیں۔ اس دوران آلات اور کرینوں کے ذریعے مٹی میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کی گئی۔

ڈزاسٹر رسک مینیجمنٹ کے قومی یونٹ کے مطابق ملک کے دوردراز علاقے میں واقع قصبے پیوبلو ریکو میں ہونے والے اس حادثے میں آٹھ بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں اور نو مزید افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حادثے کی زد میں آنے والی بس ملک کے بڑے شہر کالی سے نکلی تھی اور اس نے مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے قبل 270 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا ۔ یہ حادثہ اینڈیز کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔

کولمبیا کے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اس واقعے میں ایک بچے کو ریسکیو کیا گیا ہے جو اپنی ماں کی گود میں تھا۔ اس بچے کی ماں حادثے میں ہلاک ہوگئی ہے۔

بچ جانے والے ایک شخص نے بتایا کہ بس ڈرائیور نے ابتدا میں بس کو تودے سے بچا لیا تھا۔ بس تودے کی زد میں تب آئی جب ڈرائیور بس کو ریورس کر رہا تھا۔

کولمبیا کی حکومت کے مطابق رواں برس اگست سے شروع ہونے والا بارشوں کا موسم گزشتہ 40 برسوں میں شدید ترین ہے۔ اس دوران مختلف حادثوں میں اب تک 270 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ملک نے ان بارشوں کے سلسلے کو قومی ڈزاسٹر قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی میٹرولوجیکل ادارے نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ال نینا کی موسمیاتی حالت 2023 کے فروری یا مارچ تک جاری رہے گی۔ اس موسمیاتی حالت کی وجہ سے کولمبیا میں شدید بارشیں جاری ہیں جب کہ دنیا کے کئی ممالک میں خشکی یا سیلاب کی صورت حال ہے۔

کالمبیا میں بھی ال نینا کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ملک کو خوراک کے بحران کا سامنا ہے۔

اس خبر کے لیے اے ایف پی سے مواد لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG