انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر کی حامل اور اب تک سب سے زیادہ یعنی چار بار عالمی کپ جیتنے والی آسڑیلیا کی ٹیم گزشتہ تمام نوورلڈ کپ کھیل چکی ہے۔
1975 ءمیں ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کا فائنل ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کےدرمیان کھیلا گیا تاہم آسٹریلیا نے اس میں 17 رنز سے شکست کھائی تھی۔
1979ء اور 1983ء میں ہونے والے آئندہ دو ورلڈ کپس میں آسٹریلین ٹیم پہلے راؤنڈ سے آگے نہ پہنچ پائی تاہم 1987ء میں ہونے والے چوتھے عالمی کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ایک سخت مقابلے کے بعد روایتی حریف انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔
1992ء میں دفاعی چیمپئن کو ایک بار پھر پہلے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہوکر ہزیمت اٹھانی پڑی۔ 1996ء کے فائنل میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کیا لیکن اس کے بعد ہونے والے تینوں ورلڈ کپس پہ کینگروز چھائے رہے۔
1999ء کے فائنل میں پاکستان، 2003ء کے فائنل میں بھارت اور 2007ء کے فائنل میں سری لنکاکو ہرا کر آسٹریلیا نے لگاتار تین بار اور مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
2011ء کے ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن کینگروز کپتان رکی پونٹنگ کی قیادت میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ پونٹنگ اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں جبکہ گزشتہ دو ورلڈ کپ میں وہ اپنی ٹیم کی قیادت کرکے اسے کامیابی سے ہمکنار بھی کرچکے ہیں۔ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ اس بار بھی ٹیم کو اپنی قیادت میں لگاتار تیسری بارعالمی کپ دلانے میں کامیابی حاصل کریں۔
آسٹریلیا نے گزشتہ نو ورلڈ کپس میں کل69 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 51 میں اسے فتح حاصل ہوئی جبکہ صرف 17 میں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک میچ ٹائی ہوا۔
ورلڈ کپ میچز میں کامیابی کے اس شاندار اوسط کے علاوہ بھی آسٹریلیا نے اس عالمی مقابلے میں کئی دیگر ریکارڈز قائم کررکھے ہیں جن میں ورلڈ کپ کے لگاتار 29 میچز میں فتح حاصل کرنا سرِ فہرست ہے۔
آخری وقت تک مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور اپنے بہترین بالنگ اٹیک کی بنیاد پر آسٹریلیا اس ایونٹ کی فیورٹ ٹیم ہے۔
کینگروز عالمی کپ 2011ء میں شریک ٹیموں کے گروپ ’اے‘ میں شامل ہیں اور اپنا پہلا میچ 21 فروری کو زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے۔
لیگ کے دیگر میچز میں آسٹریلیا 25 فروری کو نیوزی لینڈ، 5 مارچ کو سری لنکا، 13 مارچ کو کینیا، 16 مارچ کو کینیڈا اور 19 مارچ کو پاکستان کا مقابلہ کرے گا۔
ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلین اسکواڈ کپتان رکی پونٹنگ، شین واٹسن، بریڈ ہیڈن، مائیکل کلارک، ڈیوڈ ہسی، کیلم فرگوسن، کیمرون وہائٹ، ٹم پین، اسٹیون اسمتھ، جان ہیسٹنگز، مچل جانسن، بریٹ لی، شان ٹیٹ، ڈاگ بولنگر اور جیسن کریجزا پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1