رسائی کے لنکس

ڈزنی لینڈ کا آگ اگلنے والا ڈریگن خود اپنی آگ میں بھسم


ڈزنی لینڈ کے"فینٹاسمک"نامی شومیں آگ لگنے کا منظر۔ فائل فوٹو
ڈزنی لینڈ کے"فینٹاسمک"نامی شومیں آگ لگنے کا منظر۔ فائل فوٹو

کیلی فورنیا کے شہر اناہائیم میں ڈزنی لینڈ کے مشہور "فینٹاسمک" شو کے تماشائیوں کو اس ہفتے کے آخر میں اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس کا آگ اگلنے والا روبوٹک ڈریگن اچانک شعلوں میں گھر کر پھٹ گیا۔

"فینٹاسمک"نامی شو کا افتتاح 1998 میں ہوا تھا اور اس میں 25 سے زیادہ فلموں کی اینی میشنز اور کردار شامل ہیں جو بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔

ڈزنی کا محبوب ترین کردار مکی ماؤس اس شو میں بہت سارے بدی کے کرداروں سے لڑتا ہےاور اس کی آخری لڑائی ایک ولن میلیفیسینٹ سے ہوتی ہے جو ڈریگن کی شکل میں ہے،اور جس کا قد 40 فٹ ہے۔

ڈریگن آگ میں بھسم ہوتے ہوئے
ڈریگن آگ میں بھسم ہوتے ہوئے

ڈزنی لینڈ میں باقا عدگی سے آنے والے ریان لاؤکس نے کہا کہ آگ ہمیشہ سے اس شو کا حصہ رہی ہے۔ لیکن انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ گئے تھے کہ کچھ گڑ بڑ ہوگئی ہے کیوں کہ شعلے وہاں سے نہیں اٹھ رہے تھے جہاں سے وہ عام طور پر شروع ہوتے تھے۔

لاس اینجلس کے رہائشی لاؤکس نے اس منظر کی ویڈیو بھی بنائی تھی ، انہوں نے کہا ، "آگ باہر نکلنے کے بجائے سر میں لگنے لگی۔"

ویڈیو کو صارفین نے ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا ہے۔

ایک ویڈیو میں آگ لگنے سے پہلے کے مناظر ہیں جس میں خوبصورت شو جاری ہے ۔ اس میں ڈریگن اور مکی ماؤس ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔

شو کو اس وقت فوری طور پر روک دیا گیا جب ڈریگن نے آگ پکڑنی شروع کر دی اور پورا جسم شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق جنوبی کیلی فورنیا کے تھیم پارک میں ہفتے کی رات آگ لگنے کے بعدکسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ شو پارک کے مشہور’ ٹام ساویر جزیرے ‘کے قریب رات میں دو بار ہوتا ہے۔

لاؤکس نے کہا کہ جیسے ہی ڈریگن کا سر شعلوں کی لپیٹ میں آ یا مکی سٹیج سے غائب ہو گیا۔ فوری طور پر نقصان کی حد معلوم نہیں ہو سکی۔

اس رپورٹ کے لئے کچھ معلومات ایسو سی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG