رسائی کے لنکس

ٹوئٹر نے بڑے پیمانے پر ملازمین کو نکالنا شروع کر دیا


اس تصویر میں ٹوئٹر کا لوگو اور ایلون مسک کی تصویر یکجا کی گئی ہے۔ فائل فوٹو
اس تصویر میں ٹوئٹر کا لوگو اور ایلون مسک کی تصویر یکجا کی گئی ہے۔ فائل فوٹو

ٹوئٹر نے اپنے ملازمین کو جمعے کے روز ایک ای میل کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ وہ دفتر آنے کی زحمت نہ کریں کیوں کہ انہیں ملازمت سے متعلق جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔

ٹوئٹر کی انتظامیہ نے اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ گھر میں رہ کر ادارے کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میل کا انتظار کریں۔

ٹوئٹر نے کسی ناخوش گوار صورتِ حال سے بچنے کے لیے جمعے کے روز اپنے دفاتر بند کر دیے ہیں اور عارضی طور پر ان تک اسٹاف کی رسائی بھی روک دی ہے۔

ٹیسلا کار اور اسپیس ایکس کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد کمپنی کے اسٹاف میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اب رپورٹس ہیں کہ انہوں نے ملازمتوں میں کٹوتی شروع کر دی ہے۔

اس وقت ٹوئٹر کے ملازمین کی تعداد لگ بھگ ساڑھے سات ہزار ہے لیکن ایلون مسک ملازمین کی اس تعداد میں نصف سے زیادہ کمی کرنا چاہتے ہیں۔

مختصر پیغام رسانی کی سوشل میڈیا کمپنی نے اپنے ملازمین کو بھیجی جانے والی ایک ای میل میں کہا ہے کہ جمعے کی صبح انہیں ملازمین میں کٹوتیوں کے فیصلے کے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعرات کے روز ملازمین کو ایک ای میل بھیجی گئی ، جسے 'رائٹرز 'نے بھی دیکھا ہے۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر کو ایک صحت مند راستے پر ڈالنے کی جستجو میں ہم جمعے کے روز اپنے عالمی اسٹاف میں کٹوتیوں کا مشکل فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ ہر ملازم اور اس کےساتھ ساتھ ٹوئٹر کے تحفظ کے لیے ادارے کے تمام دفاتر عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں اور کمپنی کے جاری کردہ کارڈوں پر ٹوئٹر کی تنصیبات میں داخل ہونے، اس کے سسٹم کو استعمال کرنے اور صارفین کے ڈیٹا تک رسائی معطل کر دی گئی ہے۔

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ جو ملازمین کٹوتیوں کی زد میں نہیں آ رہے، انہیں دفتر کی ای میل کے اکاؤنٹ پر اطلاع کر دی جائے گی جب کہ برطرف کیے جانے والے ملازمین کو ان کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ پر نوٹس بھیج دیا جائے گا۔

ٹوئٹر نے کٹوتیوں سے متعلق سوال کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

اس صورتِ حال سے آگاہ دو ذرائع نے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ مسک نے کارکنوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انفرااسٹرکچر کے سالانہ اخراجات میں ایک ارب ڈالر تک کی بچت کریں۔

ایلون مسلک کے ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد پہلے ہی ہفتے میں کمپنی کے ملازمین میں بے یقینی اور مایوسی پھیل گئی ہے۔

کمپنی کے ملازمین نے 'رائٹرز' کو بتایا کہ انہیں ٹوئٹر کے اندر ہونے والی تبدیلیوں اور واقعات کے بارے میں اطلاع اپنی کمپنی کے بجائے میڈیا رپورٹس اور بیرونی ذرائع سے مل رہی ہیں۔

'رائٹرز' کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کے ملازمین کو جیسے ہی جمعے کو دفتر کی بندش کے بارے میں ای میل ملی تو فوراً ہی سینکڑوں ملازمین نے ایک دوسرے کو خدا حافظ کہنے کے لیے پیغام رسانی کے اندرونی چینلز کا رخ کر لیا اور کئی ایک نے تو مسک کو بھی چیٹنگ کے اس چینل پر شرکت کی دعوت دے ڈالی۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG