رسائی کے لنکس

یورپی یونین: گوگل پر 2.7 ارب ڈالر جرمانہ عائد


구글 모바일 앱 아이콘.
구글 모바일 앱 아이콘.

صارفین کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کے الزام میں یورپی یونین کی تاریخ میں کسی ایک کمپنی پر کیا جانے والا یہ سب سے زیادہ جرمانہ ہے۔

یورپی یونین نے معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'ایلفابیٹ' کی شاخ 'گوگل' پر آن لائن سرچنگ میں اپنی بالادستی کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور صارفین کو اپنے آن لائن شاپنگ بزنس کی طرف راغب کرنے کے الزام پر ریکارڈ دو ارب 70 کروڑ ڈالر (دو ارب 42 کروڑ یورو) جرمانہ عائد کردیا ہے۔

صارفین کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کے الزام میں یورپی یونین کی تاریخ میں کسی ایک کمپنی پر کیا جانے والا یہ سب سے زیادہ جرمانہ ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین نے 2009ء میں امریکی چپ میکر 'انٹیل' پر ایک ارب یورو سے زائد کا جرمانہ کیا تھا۔

یورپی کمیشن نے 'گوگل' کومتنبہ کیا ہے کہ وہ 90 روز کے اندر اپنی آن لائن شاپنگ سروس کی ترجیحی پروموشن چھوڑ دے ورنہ اس پر یومیہ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

کمیشن نے قرار دیا ہے کہ 'گوگل' باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے سرچنگ کے دوران اپنی شاپنگ سروس کے اشتہارات کو نمایاں جگہ دے رہی ہے اور اپنی حریف کمپنیوں کے اشتہارات کو جان بوجھ کو غیر نمایاں کر رہی ہے۔

'کمیشن' کے مطابق 'گوگل' بعض ایسی صورتوں میں بھی اپنی شاپنگ سروس کو نمایاں جگہ دے رہی ہے جہاں دیگر کمپنیاں صارفین کو زیادہ بہتر ڈیل آفر کر رہی ہوں۔

'یورپین کمپٹیشن کمیشن ' مارگریتھ ویسٹیجر نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ 'گوگل' دیگر کمپنیوں کو اپنی جدت اور محاسن کی بنیاد پر مارکیٹ میں مقابلہ کرنے سے روک رہی تھی جو یورپی یونین کے قوانین کے تحت غیر قانونی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'گوگل' یورپی صارفین کو حاصل سروسز کے انتخاب کی آزادی اور جدت سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کی راہ میں حائل ہوئی ہے۔

یورپی یونین کا یہ اقدام 'گوگل' کے خلاف سات سال سے جاری تحقیقات کا نتیجہ ہے جو کئی نجی کمپنیوں اور صارفین کےحقوق کی انجمنوں کی شکایات پر شروع کی گئی تھیں۔

مارگریتھ ویسٹیجر نے بتایا کہ کمیشن نے اپنی تحقیقات کے دوران 'گوگل' پر ایک ارب 70 کروڑ سرچ کیوریز کا جائزہ لیا جس سے ظاہر ہوا کہ آن لائن شاپنگ سے متعلق ایک عمومی سرچ کے دوران 'گوگل' کی بعض اہم اور نمایاں ترین مسابقتی کمپنیوں کے اشتہارات بھی اوسطاً نتائج کے چوتھے صفحے پر ظاہر ہوتے ہیں۔

ان کے بقول سرچ انجن استعمال کرنے والے نوے فی صد صارفین پہلے صفحے کے نتائج پر ہی کلک کرتے ہیں اور آگے نہیں جاتے۔ لہذا 'گوگل' پر سرچنگ کرنے والے بیشتر افراد کو دوسری کمپنیوں کی مصنوعات کے بارے میں علم ہی نہیں ہوپاتا۔

یورپی یونین کے مسابقتی کمیشن نے گوگل پر آن لائن سرچنگ میں اپنی حریف کمپنیوں کے اشتہارات بلاک کرنے اور اپنے موبائل آپریٹنگ سسٹم 'اینڈرائڈ' کی اجارہ داری قائم کرنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔

کمیشن کے مطابق ان الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں البتہ تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 'گوگل' اس ضمن میں بھی یورپی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہورہی ہے۔

'گوگل' کی انتظامیہ نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ وہ یورپی کمیشن کے الزامات سے متفق نہیں اور فیصلے کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد اس کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

XS
SM
MD
LG