رسائی کے لنکس

یورپی یونین: مائیکروسوفٹ پر سات سو اکتیس ملین ڈالر کا جرمانہ


ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ یورپی کمیشن نے کسی کمپنی کو معاہدہ پورا نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

یورپی یونین نے بدھ کے روز مائیکروسوفٹ کارپوریشن پر سات سو اکتیس ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ مائیکروسوفٹ پر صارفین کو ان کی پسند کا ویب براوزر مہیا نہ کرنے کی پاداش میں کیا گیا ہے۔ اس جرمانے کو یورپی یونین کے ان تنازعات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جس کا تعلق کسی طے شدہ سمجھوتے، عہد یا ساکھ کی خلاف ورزی یا تجاوز سے ہو۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ امریکی سوفٹ وئیر کمپنی 2009 میں کیے گئے ایک معاہدے کی پاسداری کرنے سے قاصر رہی جس کی رو سے مائیکروسوفٹ نے صارفین کو ’مائیکروسوفٹ ایکسپلورر‘ کی جگہ ایک نیا ویب براؤزر مہیا کرنا تھا۔

ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ مائیکروسوفٹ مئی 2011 سے جولائی 2012 کے دوران نیا ویب براؤزر مہیا کرنے کا پابند تھا، جس کی وہ پاسداری نہ کر سکا۔ جس کا مطلب یہ ہوا کہ ایک کروڑ پچاس لاکھ صارفین کو کوئی متبادل ویب براؤزر فراہم نہیں کیا گیا۔

ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ یورپی کمیشن کے اینٹی ٹرسٹ اتھارٹی نے کسی کمپنی کو معاہدہ پورا نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

مائیکروسوفٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہے تاہم مائیکروسوفٹ نے اس کا ذمہ دار تکنیکی مسائل کو ٹھہرایا ہے۔

XS
SM
MD
LG