رسائی کے لنکس

فرانسیسی فٹ بال ایسوسی ایشن کے دفتر پر حکام کا چھاپا


فائل
فائل

سیپ بلاٹر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں جاری تحقیقات سے وابستہ افسران نے بتایا ہے کہ فرانسیسی حکام نے یہ چھاپہ ان کی درخواست پر مارا ہے۔

فرانس میں حکام نے 'فرینچ فٹ بال فیڈریشن' کے صدر دفتر پر چھاپا مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

عالمی فٹ بال ایسوسی ایشن 'فیفا' کے سابق صدر سیپ بلاٹر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں جاری تحقیقات سے وابستہ افسران نے بتایا ہے کہ فرانسیسی حکام نے یہ چھاپہ ان کی درخواست پر مارا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے حکام سیپ بلاٹر اور یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ مائیکل پلاٹینی کے خلاف مبینہ طور پر دو ملین ڈالر رشوت لینے کے الزام کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق سیپ بلاٹر نے یہ رقم نامعلوم مقصد کے لیے 2011ء میں پلاٹینی کو دی تھی ۔

اس رقم سے متعلق الزام کے باعث بلاٹر اور پلاٹینی دونوں کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا پڑا تھا جب کہ ان پر 'فیفا' کی ضابطۂ اخلاق کمیٹی نے چھ سال تک فٹ بال سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ دونوں رہنما خود پر عائد تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

سیپ بلاٹر نے اپنے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں فرانس کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر دفتر پر حکام کے چھاپے پر تعجب کا اظہار کیا ہے۔

جب کہ مائیکل پلاٹینی کے وکلا نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ سوئس حکام اپنی تحقیقات جلد مکمل کریں تاکہ ان کے موکل کی "اخبار والوں سے جان چھوٹے۔"

نواسی سالہ سیپ بلاٹر مقدمے کے مرکزی ملزم ہیں جو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سوئٹزرلینڈ کی عدالت میں چلایا جائے گا جب کہ مائیکل پلاٹینی کو حکام مقدمے کے ایک اہم گواہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG