رسائی کے لنکس

کرونا سے اٹلی میں مزید 683، اسپین میں 656 ہلاکتیں


دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کو مزید 48 ہزار کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ہو گئی جب کہ اموات کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو مسلسل دوسرے دن دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 13 ہزار تھی۔ اسپین میں ساڑھے سات ہزار، اٹلی میں 5200، جرمنی میں 4300، فرانس میں 2900 اور ایران میں 2200 سے کچھ زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

اٹلی میں مریضوں کی کل تعداد 74 ہزار، امریکہ میں 68 ہزار، اسپین میں 49 ہزار، جرمنی میں 37 ہزار، ایران میں 27 ہزار اور فرانس میں 25 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

سوئزرلینڈ میں بھی ایک ہزار نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 683 ہلاکتیں اور اسپین میں 656 ہلاکتیں ہوئیں۔ فرانس میں 231، ایران میں 143 اور امریکہ میں 247 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ہالینڈ میں 80 مریضوں کا انتقال ہوا۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد ساڑھے سات ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں 3647، ایران میں 2077، فرانس میں 1331 اور امریکہ میں 1027 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس کے سب سے پہلے شکار چین میں صورتِ حال قابو میں ہے جہاں بدھ کو 47 نئے مریض سامنے آئے اور چار ہلاکتیں ہوئیں۔ وہاں کیسز کی تعداد 81 ہزار ہوچکی ہے لیکن ان میں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 3281 ہے جو اب اٹلی اور اسپین سے کم ہے۔

اب تک 31 ملکوں میں کرونا وائرس کے ایک ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG