رسائی کے لنکس

گرین کارڈ لاٹری ویزہ کے لیے درخواستیں 18 اکتوبر سے شروع


ویزہ لاٹری جیتنے والوں کو اکتوبر 2018 سے ستمبر 2019 کے عرصے کے دوران ویزے جاری کیے جائیں گے۔

امریکہ کے امیگرنٹ ویزہ پروگرام کے لیے ، جو گرین کارڈ لاٹری کے نام سے اپنی پہچان رکھتا ہے، درخواست دینے کا آغاز 18 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے ۔

امریکی گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو لازمی طور پر اپنی درخواستیں 18 اکتوبر سے 22 نومبر کے درمیان جمع کرانا ہوں گی۔

دراصل اس سے پہلے درخواستوں کی رجسٹریشن 3 اکتوبر کو شروع ہوئی تھی لیکن 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان داخل کرائی جانے والی درخواستیں تکنیکی خرابی کے باعث ضائع ہو گئیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 سے 10 اکتوبر کے دوران جمع کرائی گئی درخواستیں اب قابل عمل نہیں رہیں اور انہیں پروگرام میں سے خارج کر دیا گیا ہے۔ اس مدت کے دوران درخواست دینے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی درخواست دوبارہ جمع کرائیں ۔ اسے دوہری درخواست تصور نہیں کیا جائے گا۔

تاہم محکمہ خارجہ نے یہ واضح کیا کہ ایک سے زائد درخواست دینے والے گرین کارڈ لاٹری کے لیے نااہل تصور ہوں گے۔

ہر درخواست گذار کو محکمہ خارجہ کی جانب سے خودکار طریقہ کار کے تحت درخواست کی موصولی سے متعلق ایک ای میل موصول ہوگی۔

ایسا ہی تکینکی معاملہ 2011 کے گرین کارڈ لاٹری کے موقع پر پیش آیا تھا۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس خرابی کی وجہ یہ ہے کہ پروگرام کے لیے استعمال کیے جانے والے سافٹ ویئر کی مناسب ٹیسٹنگ نہیں کی جا سکی تھی۔

گرین کارڈ لاٹری پروگرام کے تحت دنیا بھر سے ایسے افراد امریکی شہریت حاصل کر سکتے ہیں، جن کے رشتے دار امریکہ نہیں رہتے، یا جنہیں امریکہ میں ملازمت کے لیے سپانسر کرنے والا کوئی نہیں ہے، یا جو پناہ گزین نہیں ہیں۔

اگر درخواست گذار کی حیثیت جائز اور قانونی ہو، اور وہ دیگر تقاضے پورے کرتا ہو اور لاٹری میں اس کا نمبر نکل آئے تو بھی امریکہ آنے کے لیے اسے رقم کا بندوبست خود کرنا ہوگا۔

دیگر شرائط میں کم ازکم ہائی سکول ڈگری یا چند سال کا کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔

سن 2015 میں گرین کارڈ لاٹری میں 48 ہزار سے کچھ زیادہ افراد کو ویزے جاری کیے گئے تھے۔

ویزہ لاٹری جیتنے والوں کو اکتوبر 2018 سے ستمبر 2019 کے عرصے کے دوران ویزے جاری کیے جائیں گے۔

اس پروگرام کے لیے دنیا بھر سے لوگ درخواست دے سکتے ہیں، ماسوائے بنگلہ دیش، برازیل، کینیڈا، چین، کمبوڈیا، ڈومینیکن ری پبلک، ایل سلواڈور، ہیٹی، بھارت، جمیکا، میکسیکو، نائیجیریا، پاکستان، پرو، فلپائن، جنوبی کوری، برطانیہ اور ویت نام۔

XS
SM
MD
LG