ریپبلیکن پارٹی کے کانگریس کے رُکن، کیون میکارتھی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کی نامزدگی کی دوڑ سے الگ ہوگئے ہیں، جو جان بینر کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ایوانِ نمائندگان میں ریبپلیکن پارٹی نے اسپیکر کی نامزدگی کے لیے چناؤ کے معاملے کو بھی مؤخر کردیا ہے، جس کی تفصیل ابھی آنا باقی ہے۔
اس عہدے کے لیے بدھ کے روز خود ساختہ ’ہاؤس فریڈم کاؤکس‘ نے فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے رُکن، ڈینئل ویبسٹر کے حق میں ووٹ دیا، جب کہ میکارتھی کی حمایت نہیں کی گئی۔ میکارتھی ایوان کے اکثریتی قائد اور بینر کے نائب خیال کیے جاتے ہیں، جنھیں 247 ارکان پر مشتمل ریپبلیکن پارٹی کے کاؤکس کے اکثریت کی حمایت حاصل تھی۔
بینر نے25 برس خدمات دینے کے بعد، جس دوران وہ پانچ سال اسپیکر رہے، گذشتہ ماہ ایوانِ نمائندگان سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
سخت گیر ارکان کی جانب سے اُن کے اختیارات کو مستقل طور پر چیلنج کیا جا رہا تھا، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ’ٹی پارٹی‘ سے ہے، جن ہی کی وجہ سے ریپبلیکن پارٹی کو ایوان میں اکثریت حاصل ہے، اور جنھوں نے فیصلہ سازی اور پالیسی معاملات میں زیادہ نمائندگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
کاروبار حکومت کو 30 ستمبر کے بعد بھی درکار رقوم کی فراہمی سے متعلق جز وقتی منصوبے سے اتفاق کرنے کے بعد، جس تاریخ سے اُس کے اخراجات کی مدت ختم ہو رہی تھی، بینر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ اسی دوران، مجوزہ خاندانی منصوبہ بندی اور خواتین کی تولیدی صحت کے لیے مانگے گئے وفاقی مطالبہٴزر کے عمل کو مسترد کیا گیا۔
کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی اور صدر براک اوباما خاندانی منصوبہ بندی کے لیے رقوم کی منظوری کے حق میں تھے، جس پر نااتفاقی کے معاملے پر یکم اکتوبر سے کاروبار حکومت بند ہونے کا امکان تھا۔
آئین کی رو سے، نائب صدر کے بعد ایوان ِنمائندگان کا اسپیکر قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالتا ہے۔