رسائی کے لنکس

کشمیر: فوج سے جھڑپ میں تین مشتبہ جنگجو ہلاک


حکام کے مطابق یہ جھڑپ پلواما کے علاقے میں ہوئی۔ بھارتی فوج نے یہ کارروائی انٹیلی جنس کی معلومات پر پولیس اور ’پیرا ملٹری سنٹرل ریزریو پولیس فورس‘ کے ساتھ مل کر کی۔

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں فوج کے مطابق ایک جھڑپ میں کم از کم تین مشتبہ جنگجو مارے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ جھڑپ ہفتہ کی صبح پلواما کے علاقے میں ہوئی۔

عہدیداروں کے مطابق بھارتی فوج نے یہ کارروائی انٹیلی جنس کی معلومات پر پولیس اور ’پیرا ملٹری سنٹرل ریزریو پولیس فورس‘ کے ساتھ مل کر کی۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق راشٹریہ رائفلز کے کمانڈر بریگیڈئیر کے وینوگوپال نے کہا کہ جمعہ کی شب ساڑھے گیارہ بجے یہ اطلاعات ملیں کہ جنگجو ایک گھر میں چھپے ہوئے ہیں۔

اُن کے بقول اطلاعات ملنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور جنگجوؤں سے ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا لیکن مکان میں چھپے افراد نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔

بھارتی سکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک کیے گئے شدت پسندوں کے قبضے سے اے کے-47 رائفلز اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔

بھارت کی طرف سے پاکستان پر یہ الزامات لگائے جاتے رہے کہ وہ کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی مدد کرتا ہے۔ تاہم پاکستان کی طرف سے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا جاتا رہا ہے کہ اسلام آباد کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی محض سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔

کشمیر کا منقسم علاقہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، جس کی بنیاد پر دونوں ملکوں کے درمیان جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG