بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے بدعنوانی اور حکومت کی ناقص کارکردگی کے الزامات سے نمٹنے کے لیے منگل کے روز اپنی کابینہ میں ردوبدل کیا ہے۔
کابینہ میں ردوبدل کا اثر خزانہ، دفاع، خارجہ اور داخلی امور جیسی اہم وزارتوں پر نہیں ہوا۔
ماحولیات کے وزیر جے رام رمیش کو ماحولیات سے ہٹا کر دیہی ترقی کی وزارت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنی وزارت کے دوران ماحولیات سے متعلق تحفظات کے پیش نظر تعمیرات اور کان کنی کے کئی منصوبوں پر کام رکوادیاتھا۔
مسٹر سنگھ نے ٹیلی مواصلات کا نیا وزیر مرلی دوا کومقرر کیا ہے۔ اس وزارت کے دو سابق وزراءکو 2008 ء میں موبائل فون کمپنیوں کے اسکینڈل سے منسلک الزامات کے باعث اپنے عہدے چھوڑنے پڑے تھے۔
ویرپامولی سے قانون کی وزارت لے کر سلمان خورشید کو دے دی گئی ہے ، جب کہ مولی اب کوآپریٹو امور کی وزارت سنبھالیں گے۔
دنیش تریوی کو ریلولے کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ وزارت مئی میں ممتا بنرجی کے استعفے کے بعد خالی ہوگئی تھی۔ بنیرجی اب ریاست مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ بن چکی ہیں۔