رسائی کے لنکس

ناگپور ٹیسٹ: کیا جڈیجا نے واقعی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی؟


آسٹریلوی چینل 'فوکس کرکٹ' نے الزام لگایا ہے کہ جڈیجا نے بالنگ کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑی سے اور خود اپنے دائیں ہاتھ سے کچھ مواد اپنے بائیں ہاتھ پر لگایا تھا۔
آسٹریلوی چینل 'فوکس کرکٹ' نے الزام لگایا ہے کہ جڈیجا نے بالنگ کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑی سے اور خود اپنے دائیں ہاتھ سے کچھ مواد اپنے بائیں ہاتھ پر لگایا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف ناگپور ٹیسٹ کے پہلے روز بھارتی آل راؤنڈر روندرا جڈیجا پانچ وکٹیں لے کر جہاں داد سمیٹتے رہےوہیں آسٹریلوی میڈیا نے الزام لگایا ہے کہ بالنگ کے دوران جڈیجا اپنی انگلیوں پر کچھ لگا رہے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے ہی روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔جڈیجا کی تباہ کن بالنگ کے سامنے آسٹریلوی بلے باز بے بس نظر آئے۔ انہوں نے 22 اوورز میں 47 رنز دے کر پانچ شکار کیے تھے۔

آسٹریلوی چینل 'فوکس کرکٹ' نے الزام لگایا ہے کہ جڈیجا نے بالنگ کے دوران اپنے دائیں ہاتھ سے کچھ مواد اپنے بائیں ہاتھ پر لگایا تھا۔ اس دوران جڈیجا نے اپنے ہاتھوں اور انگلی کو گیند کے قریب اور اس کے ارد گرد رگڑا۔تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آخر وہ کر کیا رہے تھے۔

جڈیجا کی گیند کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر سابق کرکٹر نے بھی سوال اُٹھایا ہے۔

سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے اپنی ٹوئٹ میں اسے دلچسپ قرار دیا۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی سوال اُٹھایا کہ جڈیجا جس انگلی سے گیند اسپن کرتے ہیں وہاں کیا کر رہے ہیں؟ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ جڈیجا کو اس وقت ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا جب گیند ان کے ہاتھ میں تھی۔

آسٹریلوی بلے باز بریڈ ہیڈن نے "فوکس نیوز' کو بتایا کہ یہ دیکھنے میں بالکل اچھا نہیں لگا۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق کھیل ختم ہونے پر میچ ریفری نے بھارتی کپتان روہت شرما اور اسپنر جڈیجا کو اس واقعے کی ویڈیو بھی دکھائی، لیکن اس حوالے سے مزید کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی۔

بھارتی ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف

بھارتی کرکٹ ٹیم نے اس معاملے پر بحث کے بعد اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ جڈیجا اپنی انگلی پر درد کش کریم لگا رہے تھے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس کے صرف 120 رنز پر پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق میچ کے دوران اگر میچ ریفری کھلاڑی کی جانب سے اس نوعیت کا کوئی واقعہ دیکھے تو پھر کسی شکایت کے بغیر بھی وہ بازپرس کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG