رسائی کے لنکس

بھارت: دو کم سن لڑکیاں زیادتی کے بعد قتل


حکام کے مطابق واقعہ اتر پردیش کے ضلع بدایوں کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق واقعہ اتر پردیش کے ضلع بدایوں کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیش آیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق لڑکیوں کی عمریں 14 اور 15 سال تھیں اور وہ آپس میں رشتے دار تھیں۔ لڑکیوں کا تعلق نچلی ذات کے ایک انتہائی غریب گھرانے سے بتایا جاتا ہے۔

بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں دو کم سن لڑکیوں کی درخت سے لٹکی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں حکام کے مطابق مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کےبعد قتل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ ضلع بدایوں کے ایک دور افتادہ گاؤں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق لڑکیوں کی عمریں 14 اور 15 سال تھیں اور وہ آپس میں رشتے دار تھیں۔ لڑکیوں کا تعلق نچلی ذات کے ایک انتہائی غریب گھرانے سے بتایا جاتا ہے۔

لڑکیوں کے ایک بھائی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گھر میں بیت الخلا نہ ہونے کے باعث دونوں لڑکیاں رفعِ حاجت کے لیے نزدیکی کھیت میں گئی تھیں جہاں سے وہ لاپتا ہوگئی تھیں۔

بدھ کو علی الصباح ان کی لاشیں نزدیک ہی واقع ایک باغ میں آم کے پیڑ سے لٹکتی ہوئی برآمد ہوئیں۔ علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے۔

بدھ کو لڑکیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد مقامی دیہاتیوں کا احتجاج دن بھر جاری رہا جس کے بعد پولیس نے جمعرات کو واردات میں ملوث ہونے کے شبہہ میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

دیہاتیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ابتداً پولیس نے لڑکیوں کے لاپتا ہونے کے بارے میں ان کی شکایت پر کان نہیں دھرا تھا اور فوری کارروائی کرنے میں غفلت سے کام لیا تھا۔

ریاستی حکام نے لڑکیوں کی گمشدگی کا مقدمہ بروقت درج نہ کرنے کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے کئی واقعات منظرِ عام پر آئے ہیں جس کے سبب سیاسی و سماجی حلقوں میں بھارتی معاشرے میں خواتین کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG