لیبیا میں بدھ کو 200 اراکین کی پارلیمان کے لیے نئے انتخاب شروع ہوئے۔
یہ انتخابات ایک ایسے وقت ہورہے ہیں جب ملک میں سابق رہنما معمر قذافی کی حکومت کی برطرفی کے بعد سے جاری بحران پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
ان انتخابات میں 16 سو سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ لیبیا کی پارلیمان میں 32 نشستیں خواتین کے لیے مختص ہیں۔
منتخب ہونے والے قانون ساز 2012 کے الیکشن کے بعد بننے والے ان ارکین پارلیمنٹ کی جگہ لیں گے جنھیں کئی لوگ ملک میں موجودہ عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے پالیمان میں وزیراعظم کے چناؤ پر ایک تنازع بھی کھڑا ہوگیا تھا۔
اہل ووٹروں کی مجموعی تعداد تقریباً 15 لاکھ ہے لیکن ملک کے مشرقی حصے میں جاری تشدد کے واقعات کے وجہ سے ووٹروں کو حق رائے دہی استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
2011 میں قذافی کا تختہ الٹانے میں مدد کرنے والی ملیشیا اب بھی لیبیا میں موجود ہے جو کہ مختلف علاقوں اور اہم بندرگاہوں کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے جس سے ملک کی تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہے۔