رسائی کے لنکس

لیونل میسی نے ریکارڈ ساتویں مرتبہ 'بیلون ڈی اور' ایوارڈ اپنے نام کرلیا


لیونل میسی نے ساتویں مرتبہ یہ ایوارڈ جیتا ہے۔
لیونل میسی نے ساتویں مرتبہ یہ ایوارڈ جیتا ہے۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بال اسٹار لیونل میسی نے ریکارڈ ساتویں مرتبہ 'بیلون ڈی اور' ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

لیونل میسی کو دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے پر دنیائے فٹ بال کے اہم ترین ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فرانس کے شہر پیرس کے تھیٹر دو شیٹلیٹ میں 65 ویں 'بیلون ڈی اور' ایوارڈز کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی جہاں دنیا کے کئی نامور فٹ بالرز کی کہکشاں موجود تھی۔

سال 2020 میں کرونا وبا کی وجہ سے یہ تقریب منعقد نہیں ہو سکی تھی۔

بیلون ڈی اور ایوارڈ کی دوڑ میں ارجنٹائن کے لیونل میسی، پولینڈ کے رابرٹ لیون دوفسکی اور اٹلی کے جارجینہو کے درمیان مقابلہ تھا۔

کچھ عرصے قبل ہی اسپینش کلب بارسلونا کو چھوڑنے والے لیونل میسی 613 پوائنٹس حاصل کر کے ٹاپ فٹ بالر رہے جب کہ رابرٹ لیون دوفسکی 580 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اٹلی سے تعلق رکھنے والے جارجینہو 460 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

لیونل میسی 'بیلون ڈی ایوارڈ' ساتویں مرتبہ حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے فٹ بالر ہیں۔ اس سے قبل وہ سال 2009، 2010، 2011، 2012، 2015 اور 2019 میں یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

پرتگال کے اسٹار فٹ بالر پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

لیونل میسی کو یہ ایوارڈ جولائی میں کھیلے گئے فٹ بال ایونٹ کوپا امریکہ کے فائنل میں اپنے ملک کو پہلی مرتبہ ٹائٹل جتوانے کے بعد دیا گیا ہے۔

کوپا امریکہ کے فائنل میں لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

خیال رہے کہ میسی نے سال 2021 میں ہی مشہور ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کو 21 برس بعد خیر باد کہہ کر دوسرے فٹ بال کلب پی ایس جی سے معاہدہ کیا تھا۔

بیلون ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کرنے پر میسی کا کہنا تھا کہ ''دوبارہ یہاں آنا ناقابلِ بیان ہے کیوں کہ دو سال قبل سوچھا تھا کہ یہ آخری بار ہے۔''

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق لیونل میسی نے کہا کہ ''لوگوں نے مجھ سے پوچھنا شروع کر دیا ہے کہ میں کب ریٹائر ہو رہا ہوں لیکن میں یہاں پیرس میں ہوں اور میں بہت خوش ہوں۔''

انہوں نے کہا کہ ''مجھے نہیں معلوم کہ میرے کریئر کے مزید کتنے سال باقی ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ یہ کئی سال ہوں گے کیوں کہ میں اس سال واقعی لطف اندوز ہوا ہوں۔''

میسی کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کے ساتھ میں نے جو حاصل کیا وہ ایک خواب تھا جو پورا ہوا۔ ان کے بقول انہوں نے کوپا امریکہ میں جو کیا اس کی بدولت وہ یہ ٹرافی جیتے۔ لہٰذا وہ اسے ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام کرتے ہیں۔

دوسری جانب خواتین کے بیلون ڈی اور کا ایوارڈ اسپین کی کھلاڑی الیکسیا پوتیلس کے نام رہا۔

ایوارڈ جیتنے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کے لیے اہم لمحہ اولمپکس لیونیس کے خلاف چیمپئن لیگ کا فائنل تھا۔

خیال رہے کہ پوتیلس بیلون ڈی اور جیتنے والی تیسری خاتون ہیں۔ اس سے قبل یہ ایوارڈ 2018 میں نورے کی ایڈا ہیگربرک اور 2019 میں امریکی کھلاڑی میگن رپینو اپنے نام کر چکی ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG