رسائی کے لنکس

ملالہ کی سولہویں سالگرہ اور تعلیم کے عالمی اہداف


تعلیم سے متعلق عالمی ادارے کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے خصوصی مندوب مسعود خان کا کہنا ہے کہ باوجود کوشش کے، پاکستان ابھی اِس ہدف سے بہت دور ہے

جمعہ کو ملالہ یوسف زئی کی سولہویں سالگرہ ہے۔ وہ اِسے ایک انوکھے طریقے سے منا رہی ہے۔ بلکہ، یوں کہیئے کہ یہ سالگرہ دنیا منا رہی ہے۔ اِس لیے کہ، 12 جولائی 2013 ءکو اقوام متحدہ کی طرف سے ’ملالہ ڈے‘ قرار دیا گیا ہے۔

اِس روز، دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 500 سے زائد لڑکے اور لڑکیاں نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں اکٹھے ہوں گے، جس تقریب سے تعلیم سے سچی لگن کے شوق میں طالبان کی گولی کھانے اور دنیا بھر میں شہرت پانے والی کم سن پاکستانی، ملالہ یوسف زئی خطاب کرے گی۔

یہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی تعلیم کو عام کرنے کی کوششوں اور اقوام متحدہ کے’ ملینئیم ڈویلپمنٹ گولز‘ کے تحت، دنیا کے تمام بچوں کو 2015 ء تک تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

اقوام متحدہ کے’ملینئم ڈویلپمنٹ گولز‘ کے مطابق، دنیا بھر کے ملکوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 2015 ء تک اپنے تمام بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے خصوصی مندوب مسعود خان کا کہنا ہے کہ باوجود کوشش کے، پاکستان ابھی اِس ہدف سے بہت دور ہے۔

ملالہ یوسف زئی کے علاوہ اِس تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، جنرل اسمبلی کے صدر وُوک جیریمچ، عالمی تعلیم کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب گورڈن براؤن اور نوجوانوں کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب احمد الہندوی بھی شرکت کریں گے۔
XS
SM
MD
LG