رسائی کے لنکس

اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات: 'بحران سے نکلنے کے لیے مریم نواز نے آگے کا راستہ بتا دیا ہے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے آغاز کے بیان پر سیکرٹری جنرل پی ایم ایل این احسن اقبال کہتے ہیں کہ مریم نواز نے بحران سے نکلنے کے لیے آگے کا راستہ بتا دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کا بیانیہ اپنی جگہ پر موجود ہے۔ لیکن ہم نے اس تمام صورتِ حال سے نکلنے کا راستہ بتا دیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف عمران خان کو نکالنا نہیں ہے۔ بلکہ مستقبل کی صورتِ حال میں آگے بڑھنا اور اس ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔

ان کے بقول اس مقصد کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے اگر بات چیت ہو تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ​مریم نواز نے حالیہ دنوں میں برطانوی خبر رساں ادارے 'بی بی سی' کو انٹرویو میں کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کے قریبی ساتھیوں سے بات چیت کے لیے رابطے کیے ہیں۔ البتہ ان سے براہِ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ فوج میرا ادارہ ہے۔ ہم ضرور بات کریں گے۔ لیکن آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اور وہ بات اب عوام کے سامنے ہو گی۔ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اس حکومت کو گھر جانا ہو گا۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے آغاز پر غور کیا جا سکتا ہے۔

حکومت کیا کہتی ہے؟

دوسری جانب حکومت میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں اور وزرا کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور مریم نواز اپنے بیانات کے ذریعے کنفیوز نظر آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل تک یہ فوج کی اعلیٰ قیادت کے نام لے رہے تھے اور ان پر الزامات عائد کر رہے تھے۔ لیکن آج انہوں نے قلابازی لگا لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) خود کنفیوز ہے اور انہیں اس صورتِ حال سے نکلنے کی سمجھ نہیں آ رہی۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کو چاہیے کہ وہ اس بارے میں کوئی بھی بات کرنے سے پہلے اپنے والد سے مشورہ کر لیں۔

تجزیہ کار کیا کہتے ہیں؟

پاکستان میں جمہوریت کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کا سربراہ احمد بلال محبوب نے اس صورتِ حال پر کہا ہے کہ کوئی بھی مسئلہ یا لڑائی ہو، اس کا اختتام مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔

ان کے بقول کسی بھی تنازع کے حل کے لیے دباؤ بڑھایا جاتا ہے اور اس کے بعد لین دین کی پوزیشن بن پاتی ہے۔ مریم نواز بھی اس معاملے کے حل کے لیے اپنی شرائط پر مذاکرات کا کہہ رہی ہیں اور اس کا اختتام بھی یہی ہے۔

احمد بلال محبوب نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بنیادی مقصد اس حکومت کا خاتمہ ہے اور پی ڈی ایم اس مقصد کے لیے ملک بھر میں جلسے بھی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مذاکرات کی جو بات کی ہے، وہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے ہے اور اگر یہ مذاکرات مریم کی شرط یعنی عمران حکومت کے رخصت ہونے کے ساتھ ہوں تو پی ڈی ایم کا مقصد حاصل ہو جائے گا۔

مریم نواز کے اس بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔ البتہ ماضی میں مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بات چیت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

XS
SM
MD
LG