پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا سہرا کس کے سر سجے گا؟ اس کا فیصلہ اب سے کچھ دیر بعد ہونا ہے لیکن اس سے قبل سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز اور چوہدری پرویز الہیٰ کے درمیان مقابلہ ہے۔ حمزہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں جب کہ پرویز الہیٰ تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد کے امیدوار ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ارکان کچھ دیر بعد وزارتِ اعلیٰ کے مذکورہ امیدواروں کو ووٹ دیں گے لیکن اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دونوں اپنے ارکان کو پارٹی لائن کے مطابق ووٹ ڈالنے کے لیے قائل کرنے میں مصروف ہیں۔ وہیں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔
اس تمام صورتِ حال میں سوشل میڈیا صارفین کو دلچسپ میمز اور تصاویر شیئر کرنے کا موقع مل گیا ہے۔
ٹوئٹر پر ڈونٹ مائنڈ نامی ایک صارف نے ایک ایٹڈ شدہ تصویر شیئر کی جس میں چوہدری پرویز الٰہی کی زخمی حالت میں تصویر پر حمزہ شہباز کے چہرے کو لگا کر لکھا ''بہت جلد، انتظار کیجیے۔''
سیدہ رباب نامی صارف نے ایک بھارتی فلم کے سین کی تصویر شیئر کی جس میں جونی لیور بیگ اٹھائے بھاگ رہے ہیں جب کہ اکشے کمار اور سنیل شیٹی ان کے پیچھے ہیں۔
صارف نے اس تصویر پر تبصرہ کیا کہ ''علی امین گنڈا پور یہ خیال کر رہے ہیں کہ نمازِ جمعہ کے بعد ایم پی ایز ہوٹل سے بھاگ رہے ہیں۔''
خیال رہے کہ دونوں جماعتوں کی جانب سے اپنے ایم پی ایز کی حاضری کو اسمبلی اجلاس میں یقینی بنانے کے لیے انہیں لاہور میں نجی ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تھا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے نمبر گیم پوری کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں بالخصوص پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر آصف علی زرداری پر ایم پی ایز کو خریدنے کا الزام بھی لگایا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے گلوکار عدنان سمیع کا گانا 'تیری اونچی شان ہے مولا' کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ '' پی ٹی آئی ایم پی اے ٹو زرداری۔''
انہوں نے لکھا کہ کیوں ہمیشہ صرف پی ٹی آئی اراکین ہی برائے فروخت ہوتے ہیں؟
منصور شیروانی نامی ٹوئٹر صارف نے ایک میم شیئر کی جس میں علی امین گنڈا پور ایک کلاس میں موجود ہیں اور تحریر ہے کہ علی امین گنڈا پور لاہور کے ہوٹل میں موجود 187 ایم پی ایز کی حاضری لیتے ہوئے۔
شبانہ شوکت نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو کے ذریعے اراکین اسمبلی کو ہوٹل سے پنجاب اسمبلی لے جانے کی منظر کشی کچھ اس طرح کی ہے۔
ولید خان بردی نامی ٹوئٹر صارف نے ایک بھارتی فلم کا سین شیئر کیا جس پر لکھا تھا "پی ٹی آئی اراکین ہوٹل کے کمرے سے باہر نکلتے ہوئے جب کہ علی امین گنڈا پور انہیں دیکھتے ہوئے۔"
اسی طرح سعد نامی ٹوئٹر صارف نے ایک میم شیئر کی جس میں چوہدری پرویز الٰہی سیلفی لے رہے ہیں جب کہ پس منظر میں آگ لگی ہوئی ہے جس پر حمزہ شہباز کا نام لکھا ہے۔
محمد عباس کے نام سے موجود ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی گئی جس پر لکھا تھا کہ عثمان بزدار ٹکٹ چیک کرتے ہوئے، کوئی سواری رہ تو نہیں گئی۔
ایک صارف نے اراکین کے اسمبلی میں پہنچنے کی کچھ اس طرح منظر کشی کی ہے۔