رسائی کے لنکس

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی نیوزی لینڈ کو شکست، بابر اعظم سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے کپتان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی صرف 58 گیندوں پر سینچری اور فاسٹ بالر حارث رؤف کی چار وکٹوں کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 38 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی تیسری سینچری اسکور کی۔ وہ اب بھی اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سینچری بنانے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم بحیثیت کپتان ان سے زیادہ سینچریاں کسی اور نے نہیں اسکور کیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما اس فارمیٹ میں چار سینچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں لیکن انہوں نے صرف دو سینچریاں بطور کپتان اسکور کیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 100 کا ہندسہ عبور کرکے بابر اعظم نے روہت شرما اور سوئٹزرلینڈ کے فہیم نظیر کو پیچھے چھوڑ دیا جن کی بحیثیت کپتان دو دو سینچریاں ہیں۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بالر حارث رؤف نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ پہلے میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے پیسر نے اس میچ میں بھی چار کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیج کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس میچ میں کامیابی نے جہاں پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی برتری دلادی، وہیں بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے کامیاب کپتانوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا۔ وہ 42 فتوحات کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان نے مسلسل دوسرے روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ میچ میں ناکام ہونے والے محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم اس بار بھرپور فارم میں نظر آئے۔ دونوں نے پاور پلے میں بغیر آؤٹ ہوئے تو 59 رنز بنائے ہی، 10 اوورز کے اختتام تک ان کی جارح مزاج بلے بازی کی وجہ سے میزبان ٹیم کا اسکور 98 تھا۔

جس وقت محمد رضوان 34 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 99 رنز تھا۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد گزشتہ میچ کے ہیروز فخر زمان اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم نے اسکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کیا۔

ایسے میں افتخار احمد نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا اور چار وکٹ پر 105 رنز سے اسکور کو 192 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

افتخار احمد نے ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست انگز کھیلی لیکن ان کا سب سے بڑا کارنامہ اپنے کپتان پر سے پریشر ہٹانا تھا۔

وکٹیں گرنے کی وجہ سے بابر اعظم کے رنز بنانے کی رفتار میں کمی ضرور آئی تھی لیکن 36 گیندوں پر ففٹی بنانے والے بلے باز نے اگلے 51 رنز کے لیے مزید 22 گیندوں کا سامنا کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی اننگز میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے جب کہ انہوں نے اننگز کی آخری چار گیندوں پر 16 رنز بٹور کر ٹی ٹوئنٹی کریئر کی تیسری سینچری اسکور کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جب کہ جمی نیشم اور رچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اوپنرز نے آغاز تو اچھا فراہم کیا تھا لیکن وققے وقفے سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے ان کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ پوری ٹیم 20 اوورز کے اختتام تک 7 وکٹ کے نقصان پر صرف 154 رنز ہی بناکر مسلسل دوسرا میچ ہارگئی۔

مارک چیپمین کے علاوہ جنہوں نے صرف 40 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔ وہ 27 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرکے مسلسل دو ٹی ٹوئنٹی اننگز میں چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے پاکستان کے دوسرے اور دنیا کے 18ویں بالر بن گئے۔

اس سے قبل 2012 اور 2013 میں پاکستان کے موجودہ بالنگ کوچ عمر گل نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

دیگر کامیاب بالرز میں شاداب خان، عماد وسیم اور زمان خان شامل تھ۔ جنہوں نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اننگز کے دوران وکٹ کیپر محمد رضوان ساتویں اوور میں انجرڈ ہو کر واپس پویلین چلے گئے تھے اور ان کی جگہ متبادل کھلاڑی محمد حارث نے وکٹ کیپنگ کی تھی۔

کامیاب ترین کپتان

اس میچ میں کامیابی کے بعد بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں۔

وہ انگلینڈ کے اوئن مورگن اور افغانستان کے اصغر افغان کے ساتھ 42، 42 فتوحات کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔ مزید ایک میچ میں کامیابی انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے کامیاب کپتان بنادے گی۔

سیریز کا تیسرا میچ پیر کو لاہور ہی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں سیریز کے باقی دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے راولپنڈی کا رُخ کریں گی۔

یاد رہے کہ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG