رسائی کے لنکس

بھارت پر'کرائے کے قاتلوں'سےشہریوں کو قتل کرانے کاپاکستانی الزام، بھارت کی تردید


پاکستانی سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے دیگر حکام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
پاکستانی سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے دیگر حکام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔

پاکستان نے ہمسایہ ملک بھارت پر الزام لگایا ہے کہ تیسرے ملک میں بیٹھ کر بھارتی ایجنٹس پاکستان کی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے جمعرات کو نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کے پاس پاکستانی سرزمین پر دو پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارتی اہلکاروں کے ملوث ہونے کے "مصدقہ ثبوت" موجود ہیں۔

بھارت نے پاکستان کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے، اور انہیں ’بد نیتی پر مبنی پروپیگنڈہ' قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے یہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کینیڈا اور امریکہ دونوں نے الگ الگ بھارتی ایجنٹوں پر اپنی سرزمین پر قاتلانہ حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔

پاکستان کے الزامات

سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ بھارتی ایجنٹس یوگیش کمار سیالکوٹ میں پاکستانی شہری شاہد لطیف کے قتل جب کہ اوکیش کمار پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں شہری محمد ریاض کے قتل میں ملوث پائے گئے ہیں۔

سائرس سجاد نے بتایا کہ بھارتی اہلکار یوگیش کمار سری گنگا نگر، راجستھان کا رہنے والا ہے جب کہ دوسرا بھارتی ایجنٹ اشوک کمار کولیہ گاؤں، کرناٹک میں پیدا ہوا۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے یوگیش کمار اور اشوک کمار کی شناختی تفصیلات بھی جاری کی گئیں۔

مبینہ بھارتی ایجنٹس یوگیش کمار اور اشوک کمار کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے پاکستان کے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں 'کرائے کے قاتلوں' کی خدمات لے کر پاکستانی شہریوں کو قتل کیا۔

ان کے بقول پاکستان کے پاس تحقیقات کے بعد یہ دستاویزی، رابطے، مالیاتی ترسیل اور فرانزک شواہد موجود ہیں کہ تیسرے ملک میں بیٹھے ہوئے بھارتی ایجنٹس پاکستان کی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہیں۔

بھارت کا ردعمل

بھارت نے پاکستان کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے، اور اسے'بد نیتی پر مبنی پروپیگنڈہ' قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک ٹویٹ میں کہا:

"ہم نے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے مخصوص ریمارکس کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ یہ جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی بھارت مخالف پروپیگنڈے کو آگے بڑھانے کی پاکستان کی تازہ ترین کوشش ہے۔"

ان کے بقول دنیا جانتی ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے دنیا بھر میں دہشت گردی، منظم جرائم اور غیر قانونی بین الاقوامی سرگرمیوں کا مرکزرہا ہے۔

رندھیر جیسوال نے پاکستان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بھارت اور متعدد دوسرے ممالک نے پاکستان کو کھلے بندوں خبردار کر رکھا ہے کہ اپنے دہشت گردی اور تشدد کے کلچر کے ہاتھوں ہی نقصان اٹھائے گا۔ بقول ان کے" پاکستان جو بوئے گا وہی کاٹے گا۔"

ترجمان نے کہا اپنے غلط کاموں کے لیے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانا نہ تو کوئی جواز ہو سکتا ہے اور نہ ہی کوئی حل۔

محمد سائرس سجاد قاضی
محمد سائرس سجاد قاضی

یاد رہے کہ گزشتہ برس نو ستمبر کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں ایک مسجد کے باہر محمد ریاض کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس 11 اکتوبر کو شاہد لطیف کو بھی سیالکوٹ میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی ایک رپورٹ کے مطابق محمد ریاض جنہیں ابو قاسم کشمیری کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں جہادی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور بھارت کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

مولانا شاہد لطیف کالعدم تنظیم جیش محمد کے تنظیمی معاملات میں کافی متحرک رہے ہیں اور وہ تنظیم میں وسطی پنجاب کے کمانڈر کہلاتے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مولانا شاہد لطیف بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو مطلوب تھے۔ اُنہیں پٹھان کوٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی سمجھا جاتا تھا۔

'یہ پاکستان کی خودمختاری کا معاملہ ہے'

سائرس سجاد قاضی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کا قتل ہماری خودمختاری کا معاملہ ہے اور پاکستان و دیگر ممالک میں قتل عام پر بھارتی اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قتل ہونے والے واقعات میں امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والی کارروائیوں جیسا طریقۂ کار اپنایا گیا۔ تاہم انہوں نے مزید معلومات معاملے کی حساسیت کے باعث بیان کرنے سے معذرت کی۔

سائرس سجاد نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے اور وقت آگیا ہے کہ بھارت کا عالمی سطح پر محاسبہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ بھارت پاکستان کی جانب سے ماضی میں اس نوعیت کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔ بھارت، پاکستان پر الزام لگاتا ہے کہ وہ بھارتی کشمیر میں عسکریت پسندی کو فروغ دیتا ہے۔ تاہم پاکستان بھی ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG