وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے جلسے میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ لہذٰا عمران خان یہ جلسہ منسوخ کر دیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ 26 نومبر کو جلسے میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ لہذٰا اب بھی وقت ہے عمران خان جلسہ منسوخ کر دیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خاص طور پر 26 نومبر کی تاریخ رکھی تھی اب تو اس کا کوئی مقصد نہیں رہا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب راولپنڈی سےالیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، یہ بات اب پرانی ہو گئی ہے۔ آپ کو اب اسٹیبلشمنٹ تاریخ نہیں لے کر دے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ "اگر اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن کی تاریخ لے کر دینی ہوتی تو جو کچھ آپ نے گزشتہ پانچ، چھ ماہ سے کیا۔ آپ کی بلیک میلنگ میں کسی نے آنا ہوتا تو وہ آپ کو تاریخ لے دیتے۔"
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان جلدی الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں تو وہ نواز شریف اور شہباز شریف سے ملیں۔ مولانا فضل الرحمٰن، اختر مینگل سے ملیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نواز شریف یا شہباز شریف سے ملنا چاہتے ہیں تو وہ اس میں عمران خان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو سیاسی دُشمن کے بجائے سیاسی حریف سمجھتے ہیں۔ لیکن عمران خان ہمیں سیاسی دُشمن سمجھتے رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اب بطور ادارہ اس بات پر کھڑی ہے کہ وہ کسی قیمت پر بھی اپنے آئینی رول سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود ایک فی صد بڑھا دی
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود ایک فی صد بڑھا دی ہے جس کے بعد شرح سود 16 فی صد ہو گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا دباؤ مسلسل اور توقعات سے بڑھ کر ہے اور اس اضافے کا مقصد مہنگائی کو روکنا ہے۔
دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 30 فی صد سے تجاوز کر گئی ہے۔ ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی ختم
سپريم کورٹ آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کے رہنما فيصل واوڈا کی غیر مشروط معافی کے بعد تاحيات نااہلی ختم کر دی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
فیصل واوڈا عدالت کے روبرو سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ غلط بیانِ حلفی دینے پر شرمندہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ "تسلیم کرتا ہوں کہ اچھی نیت سے خود استعفیٰ دیا ہے آرٹیکل 63 ون سی کے تحت نااہلی تسلیم کرتا ہوں۔"
چیف جسٹس نے فیصل واووڈا سے کہا کہ آپ نے 3 سال تک سب کو گمراہ کیا، عدالت کے سامنے پہلے معافی مانگیں اور پھر کہیں کہ استعفیٰ دیتے ہیں۔ اگر ایسا کرتے ہیں تو نا اہلی 5 سال کی ہو گی۔
اس موقع پر فیصل واوڈا نےعدالت کے روبرو غیر مشروط معافی مانگ لی۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق دو سال سے زائد عرصہ تک اس کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت جاری رہی اور اس دوران فیصل واوڈا کی طرف سے طویل التوا طلب کیا جاتا رہا۔
دسمبر 2021 میں اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا اور نو فروری 2022 کو اس کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا جس میں 27 صفحات پر مشتمل فیصلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ سلطان نے 3 رکنی کمیشن کے ساتھ متفقہ طور پر نااہل قرار دے دیا تھا۔
امریکی سفارت خانے کی نئی فوجی قیادت کو مبارک باد
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو تعیناتی پر مبارک باد دی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے منتخب رہنماؤں، فوجی قیادت اور سول سوسائٹی کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری
حکومتِ پاکستان نے فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تین سال کے لیے تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
جنرل عاصم منیر 29 نومبر کو پاکستان فوج کے 17 ویں آرمی چیف کی حیثیت سے فوج کی کمان سنبھالیں گے۔
جمعے کو حکومت نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی 3 سال کے لیے تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا۔جنرل ساحر شمشاد 27 نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا 27 نومبر اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائرمنٹ کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف ترکیہ روانہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے ہیں۔
ترکیہ روانگی سے قبل شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ترکیہ میں رہنا گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اسٹرٹیجک شراکت داری کے نئے دور پر داخل ہو چکے ہیں۔
دونوں ملکوں کے رہنما ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال، مشترکہ دلچسپی کے امور پرتبادلۂ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر اردوان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے چار ملجم (MILGEM)کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کی تاجر برادری کے وفد اور ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
'انتظامیہ عمران خان کی زندگی کے لیے خطرہ بڑھا رہی ہے'
تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کی اجازت مسترد کر دی ہے اور اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی۔
اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا کہ اسلام آباد انتظامیہ جان بوجھ کر عمران خان کی زندگی کے لیے خطرہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کو فیض آباد میں جلسے کی اجازت
راولپنڈی انتظامیہ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو فیض آباد کے مقام پر جلسے کی اجازت دے دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کا اجازت نامہ 56 شرائط کے ساتھ جاری کیا ہے جس میں سب سے بڑی شرط فیض آباد کو 26 نومبر کی رات خالی کرنے کی عائد کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ہدایت کی ہے کہ عمران خان سیکیورٹی اداروں کے طے شدہ راستے کو استعمال کریں اور وہ جلسے سے پہلے اور جلسے کے بعد سن روف والی گاڑی استعمال نہ کریں۔
پی ٹی آئی کو دی گئی ہدایات میں ریاست مخالف نعروں سے اجتناب، ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی اور ٹریفک پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا شامل ہے۔