حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے اپنی پارٹی کا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جلد از جلد عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرے کیوں کہ اُن کے بقول ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے یہ ہی واحد راستہ ہے۔
بدھ کو اپنی جماعت کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد نواز شریف نے کہا کہ ’’میں زرداری صاحب اور گیلانی صاحب کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اب مزید اس ملک کی تقدیر سے نا کھیلیں ہم انھیں کسی مہم جوئی اور اکھاڑ پچھاڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘
اُنھوں نے حکمران پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حکومت سے لا تعلقی کا اظہار کر دیں۔ ’’اگر کل (جمعرات) کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کوئی نیا کھیل کھیلنے کی کوشش کی گئی تو مسلم لیگ (ن) اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔‘‘
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ کے فیصلوں پر عمل نہیں کر رہی ہے اور ان کے بقول اداروں کے ساتھ تصادم کا سلسلہ عروج پر ہے۔ لیکن اُنھوں نے کہا کہ تمام اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ آئینی حدود کی پاسداری کریں کیوں کہ ملک اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔