سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ایک مقدمے میں عدالت سے مسلسل غیر حاضر رہنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ ’ایم کیو ایم‘ نے سندھ ہائی کورٹ میں عمران خان پر ہتک عزت کے تحت پانچ ارب روپے ہر جانے کا دعویٰ کر رکھا تھا، لیکن تحریک انصاف کے چیئرمین عدالت کی طرف سے نوٹس جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
عدالت میں عدم پیشی کی وجہ ہی سے عمران خان پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں تحریک انصاف کی ایک سینیئر عہدیدار زہرہ شاہد کے قتل کے بعد عمران خان نے اس کا الزام متحدہ قومی موومنٹ پر عائد کیا تھا۔
ایم کیو ایم نے نا صرف اس الزام کی تردید کی تھی بلکہ تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا۔
عدالت کی طرف سے جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔