پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعرات کو کھیلے گئے ٹوئنٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے مہمان ٹیم کو 7 رنز سے شکست دیدی ہے۔
ویسٹ انڈین شہر سینٹ لوشیا میں جاری میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بنائے۔
جواباً پاکستان کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح آج کے میچ میں بھی ناکام نظر آئی اور قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان نے 151 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے دوسرے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ سے اس وقت ہاتھ دھونا پڑا جب محمد حفیظ صرف 3 رنز بنا کر ڈیرل سیمی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری جب چوتھے اوور میں احمد شہزاد 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ رامپال کی گیند پر بارن ویل نے ان کا کیچ لیا۔
ساتویں اوور میں 49 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو اسد شفیق کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جو 25 رنز بناسکے۔ اگلی ہی گیند پر بیشو نے مصباح الحق کی وکٹ حاصل کی جو کوئی رن نہ بناسکے۔
گیارہویں اوور میں کپتان شاہد آفریدی بھی 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 78 رنز تھا۔ پاکستان کی گرنے والی اگلی وکٹ محمد سلمان کی تھی جو 93 کے مجموعی اسکور پر رن آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 5 رنز بنائے۔
تاہم بیٹنگ کیلیے چوتھے نمبر پر آنے والے نوجوان عمر اکمل نے وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 41 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر ہے۔ وہ 16 ویں اوور میں رامپال کی گیند پر سیموئل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے تو پاکستان کی شکست یقینی نظر آنے لگی۔
دو گیندوں بعد عبدالرحمن بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین کی جانب روانہ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز تھا۔
19 ویں اوور میں وہاب ریاض بھی 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر سعید اجمل نے کچھ اچھے شاٹ کھیل کر میچ میں سنسنی پیدا کی مگر ان کا یہ کھیل پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکا۔ سعید اجمل اور جنید خان بالترتیب 21 اور 3 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے بیشو نے 4 اور رامپال نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 2 کے مجموعی اسکور پر گری جب دوسرے اوور کی پہلی ہی گیندپر عبدالرحمن نے فلیچر کو ایل بی ڈبلیو کیا۔
فلیچر کے پویلین لوٹنے کے بعد سائمنز اور براوو نے دوسری وکٹ کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کے اسکور میں 99 رنز کا اضافہ کیا۔ براوو 42 رنز بنا کے 13ویں اوور میں عبدالرحمن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سائمن 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ وہ 15ویں اوور میں رن آئوٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز تھا۔
ویسٹ انڈیز کے اگلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی سیموئلز تھے جو 17ویں اوور میں سعید اجمل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے 4 رنز بنائے۔ دو گیندوں بعد ہی کپتان ڈیرن سیمی بھی صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہاب ریاض کی گیند پر محمد سلمان نے ان کا کیچ لیا۔
ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ 141 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہیاٹ 19 ویں اوور میں سعید اجمل کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 14 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی گرنے والی ساتویں وکٹ رسل کی تھی جو کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوگئے۔
بار ویل 11 اور نرس 6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرحمن سعید اجمل اور وہاب ریاض نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پانچ ایک روزہ عالمی میچووں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا آغاز 23 اپریل سے ہوگا۔ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائینگے۔