رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ: پشاور زلمی کو ہراکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹاپ پوزیشن پر


اتوار کو ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 23 ویں میچ میں سرفراز احمد اور رالی روسو کی شاندار بیٹنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز کا ہدف دیا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ پشاور زلمی کی طرف سے محمد حفیظ اور کامران اکمل نے اننگز شروع کی۔

کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے محمد نواز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ نئے بیٹسمین اسمتھ نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنائے اور 8 اوورز میں 56 رنز کی شراکت بنا کر مجموعی اسکور 61 رنز کردیا۔استمھ برق رفتار 49 رنز بناکر واٹسن کی گیند پر پیٹرسن کو کیچ دے بیٹھے۔

محمد حفیظ بھی 31 رنز بناکر لاؤلین کی گیند پرواٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، خوشدل صرف 4 رنز بناسکےجبکہ ڈاؤسن بھی 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم بڑا اسکور نہیں کر پائے گی لیکن ڈیرن سیمی اور ویسلز نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں صرف 33 گیندوں پر 56 رنز بناکر اسکور 157 رنز تک پہنچا دیا۔

ڈیرن سیمی نے صرف 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور چارچوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ ویسلز نے اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

واٹسن نے 2 جبکہ محمد نواز، لاؤلین اور راحت علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنرز اسد شفیق اور واٹسن نے 30 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسد شفیق صرف 9 رنز کی اننگز کھیل کر شین واٹسن کا ساتھ چھوڑے گئے۔

اسد شفیق کے بعد کیون پیٹرسن میدان میں اُترے اور واٹسن کے ساتھ مل کر تیزی کے ساتھ رنز میں اضافہ کیا۔ واٹسن 37 رنز کی برق رفتار اننگز کے بعد عمید آصف کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پیٹر سن نے دھواں دار 21 رنز بنائے لیکن وہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور ڈاؤسن کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔رمیز راجہ جونیئر بھی صرف 9 رنز بنا سکے۔

یکے بعد دیگر وکٹیں گرنے کے بعد روسو اور کپتان سرفراز نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور مزید کوئی وکٹ گنوائے ،56 گیندوں پر 74 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ سرفراز 45 اور روسو 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈاؤسن، عمید آصف، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکے 10، 10 پوائنٹس ہیں۔کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے 9،9، پشاور زلمی کے 6 جبکہ لاہور قلندرز کے 2 پوائنٹس ہیں۔

اتوار کو ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا۔

XS
SM
MD
LG