رسائی کے لنکس

سال 2021 کے ’ ہیرو‘ رضوان کا نئے سال کا شاندار آغاز، سلطان کو کنگز کے خلاف فتح دلا دی


محمد رضوان، جنہوں نے ملتان سلطان کو چھٹے سیزن کا فاتح بنوایا، ساتویں سیزن میں بھی پہلے ہی میچ مین نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے
محمد رضوان، جنہوں نے ملتان سلطان کو چھٹے سیزن کا فاتح بنوایا، ساتویں سیزن میں بھی پہلے ہی میچ مین نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطان نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ کپتان محمد رضوان نے پچھلے سال کی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری بنا ڈالی۔

ایک سو پچیس رنز کے تعاقب میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سال 2021 کے بہترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد رضوان نے، جو ملتان سلطان کے کپتان بھی ہیں، شان مسعود کے ساتھ پہلی وکٹ پر38 رنز بنائے۔ شان مسعود 26 بنا کر محمد الیاس کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ لیکن محمد رضوان نے اپنی فارم جاری رکھتے ہوئے وکٹ پر ٹھہرے رہے اور انہوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں صہیب مقصود کے ساتھ مل کر 63 رنز کا اضافہ کیا ۔ گزشتہ سیزن میں شاندار بلے بازی کرنے والے صہیب مقصود نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 31 گیندوں پر 30 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر سٹمپ آوٹ ہو گئے۔ ان کی اننگ میں دو چھکے شامل تھے۔

محمد رضوان ملتان سلطان کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔ سال دو ہزار اکیس میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دو ہزار سے زیادہ ریکارڈ رنز بنانے اور اس فارمیٹ کے دنیا کے بہترین بلے باز کا آئی سی سی ایوارڈ جیتنے والے محمد رضوان نے سال دو ہزار بائیس کا آغاز بھی نصف سینچری سے کیا۔ پی ایس ایل سیون کی بھی یہ پہلی نصف سنچری ہے۔ وہ سینتالیس گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ملتان سلطان نے مطلوبہ ہدف اٹھارہ اعشاریہ دو اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

محمد نبی نے 17 رنز دے کر دو وکٹیں لیں اور کراچی کنگز کے بہترین باولر رہے۔ کراچی کنگز محمد عامر اور عماد وسیم کے بغیر میدان میں اتری تھی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے بلے باز سست رفتار وکٹ پر زیادہ کھل کر کھیل نہ سکے۔ تاہم بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان نے 31 گیندؐں پر 43 رنز کی اننگ کھیلی اور وہ ٹاپ سکورر رہے۔ ان کی اننگ میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ جو کلارک 26 اور کپتان بابر اعظم 23 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

ملتان سلطان کی جانب سے عمران طاہر سب سے کامیاب باولر رہے۔ انہوں نے چار اووروں میں صرف سولہ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا موثر انداز میں اغاز کیا۔ شاہنواز دھانی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

عمران طاہر کو عمدہ باولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG