پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھی اس لیے وہ احتساب کے عمل کو آگے نہیں بڑھا سکے۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے کیا جرم کیا تھا کہ بیرونی سازش کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی۔ میں ساڑھے تین برس کے دوران صرف ایک محاذ پر ناکام ہوا وہ یہ تھا کہ طاقت وروں کو ملک کو لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لا سکا۔ کیوں کہ نیب اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کنٹرول تھا وہ ان چوروں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائے ان کے ساتھ ڈیلیں کر رہے تھے۔ میں نے ہر میٹنگ میں یہ بات کی کہ جب تک طاقت ور کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لائیں گے، ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
سابق وزیرِ اعظم کے بقول "مجھے کہا جاتا تھا کہ عمران صاحب آپ معیشت پر توجہ دیں احتساب ہوتا رہے گا۔ جن کے پاس اختیار تھا وہ کہتے تھے کہ انہیں این آر او دے دیں, وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے۔"
عمران خان ایئرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے راولپنڈی پہنچے تھے جس کے بعد وہ راولپنڈی کے علاقے رحمان آباد میں لانگ مارچ کے اجتماع میں پہنچے۔
سابق وزیرِ اعظم کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیج پر ایک حفاظتی شیلڈ لگائی گئی ہے۔
ملک بھر سے پی ٹی آئی کے کارکن اور ہمدرد جلسہ گاہ میں جمع ہو رہے ہیں۔ جلسے کے پیشِ نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی مختلف سڑکیں بھی بند ہیں۔
لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیا الرحمٰن کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان راولپنڈی میں کارکنوں کے اجتماع میں شرکت کے بعد آج ہی لاہور واپس آ جائیں گے۔
آزاد ذرائع کے مطابق جلسے میں 18 سے 20 ہزار لوگ ہیں: رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آزاد ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راولپنڈی کے جلسے میں 18 سے 20 ہزار لوگ ہیں۔
مقامی نیوز چینل 'سما' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبوں کے وسائل کے باوجود پی ٹی آئی کوئی بڑا پاور شو نہیں کر سکی۔
وزیرِ داخلہ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اور خیبزپختونخوا سے سرکاری اساتذہ، میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو زبردستی جلسے میں لایا گیا کیوں کہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے لوگ جلسے میں نہیں آئے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پنڈال میں بدنظمی
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل پنڈال میں بدنظمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن خواتین اور اراکینِ اسمبلی کے لیے مختص احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس دوران کارکنوں نے وی آئی پی اور خواتین کے لیے قائم انکلوثرز پر قائم حفاظتی بیریئرز توڑ دیے ہیں اور وہ مرکزی اسٹیج کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
جلسہ گاہ میں بدنظمی کے دوران کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیوں سے بھی حملہ کیا ہے جب کہ پولیس اور پی ٹی آئی کی سیکیورٹی بے بس نظر آ رہی ہے۔
پچھلے سات سے آٹھ ماہ ہم نے جبر دیکھا اب وقت بدل گیا ہے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کا کوئی بھی مطالبہ غیر جمہوری نہیں ہے۔ ہم فوری طور پر شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔
راولپنڈی میں جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو جیسے ہی پتا چلا کہ عمران خان اسلام آباد آ رہے ہیں تو شہباز شریف ترکیہ چلے گئے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے پچھلے سات سے آٹھ ماہ میں بہت جبر دیکھ لیا ہے۔ اب حالات بدل رہے ہیں۔
عمران خان کی لاہور سے راولپنڈی روانگی کے مناظر
پی ٹی آئی کے قافلے راولپنڈی کی جانب گامزن
پاکستان تحریکِ انصاف آج راولپنڈی میں جلسہ کر رہی ہے جس میں شرکت کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قافلے راولپنڈی کی جانب آ رہے ہیں۔ سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی راولپنڈی روانگی کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ زمان پارک لاہور میں مقیم عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے۔
سربراہ تحریکِ انصاف نے کارکنوں کو ایک سے دو بجے کے درمیان راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
عمران خان کی اپنی رہائش گاہ سے ایئرپورٹ تک آمد کے لیے بلٹ پروف گاڑی بھی زمان پارک پہنچا دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق راولپنڈی میں مارچ کا پنڈال مری روڈ پر فیض آباد سے تھوڑا آگے رحمان آباد کے مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کے قیام کے لیے راولپنڈی میں ایک عارضی خیمہ بستی بھی قائم کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان تین نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیرِ آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔ سابق وزیرِ اعظم اس کے بعد سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں مقیم ہیں۔
راولپنڈی، رحمان آباد میں پی ٹی آئی جلسے کا پنڈال سج گیا
سابق وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں قافلہ راولپنڈی کی جانب روانہ
سابق وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سابق گورنر شاہ فرمان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے قافلے راولپنڈی کی جانب پہنچ رہے ہیں۔
لوگ نئے انتخابات کا مطالبہ لے کر راولپنڈی میں جمع ہوں گے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام نئے انتخابات کا مطالبہ لے کر آج راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے فیصلے کے سامنے سرِ تسلیم خم کرے، پاکستان میں استحکام کے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں۔
عمران خان کی جان کو خطرہ، جلسہ منسوخ کر دیں: رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ تحریکِ انصاف کے جلسے میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ لہذٰا عمران خان یہ جلسہ منسوخ کر دیں۔
جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ 26 نومبر کو جلسے میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ لہذٰا اب بھی وقت ہے عمران خان جلسہ منسوخ کر دیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خاص طور پر 26 نومبر کی تاریخ رکھی تھی اب تو اس کا کوئی مقصد نہیں رہا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب راولپنڈی سےالیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، یہ بات اب پرانی ہو گئی ہے۔ آپ کو اب اسٹیبلشمنٹ تاریخ نہیں لے کر دے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان جلدی الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں تو وہ نواز شریف اور شہباز شریف سے ملیں اور سیاست دانوں سے بات کریں۔