رسائی کے لنکس

جارج فلائیڈ کی ہلاکت کی ویڈیو بنانے والی سٹیزن جرنلسٹ کے لیے 'پلٹزر' کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صحافت کے شعبے میں اعلیٰ ترین ایوارڈ سمجھے جانے والا 'پلٹزر ایوارڈ' سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت کی ویڈیو بنانے والی نو عمر لڑکی نے اپنے نام کر لیا ہے۔

پلٹزر بورڈ کی طرف سے اس ایوارڈ کا ایک ایسے فرد کو دینا انوکھی مثال ہے جس کا صحافت میں کوئی تجربہ نہیں۔ اس طرح کے کام کو عمومی طور پر 'سٹیزن جرنلزم' کے طور پر جانا جاتا ہے۔​

پلٹزر بورڈ کی طرف سے سٹیزن جرنلزم کو اہم قرار دیتے ہوئے ڈرنیلا فرازیئر کو اس کی بہترین مثال قرار دیا گیا ہے۔

جمعے کو پلٹزر بورڈ نے اس واقعے کی ویڈیو بنانے والی ڈرنیلا فرازیئر کی موبائل کے ذریعے بنائی گئی ویڈیو کا خصوصی حوالہ دیا۔

پلٹزر بورڈ کے شریک چیئرمین مائنڈی مارکیز کا آن لائن کیے جانے والے اعلان میں کہنا تھا کہ 18 سالہ ڈرنیلا فرازیئر کو اپنے موبائل کے ذریعے ایک ایسی ویڈیو بنانے پر شناخت ملی ہے جسے دیکھ کر لوگ چونک گئے تھے اور پولیس کی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

ڈرنیلا فرازیئر نے اس ویڈیو سے متعلق کم ہی بات کی ہے۔ تاہم جارج فلائیڈ کے قتل کے کیس کی سماعت کے دوران ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں ان کی ویڈیو بھی دکھائی گئی تھی۔

گزشتہ برس 25 مئی 2020 کو ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت اس وقت ہوئی تھی جب سفید فام پولیس افسر ڈیرک شاوین نے جارج فلائیڈ کو حراست میں لینے کے بعد نو منٹ تک ان کی گردن پر اپنا گھٹنا رکھا تھا۔

ڈرنیلا فرازیئر نے اپنے موبائل سے واقعے کی ویڈیو بنائی تھی۔
ڈرنیلا فرازیئر نے اپنے موبائل سے واقعے کی ویڈیو بنائی تھی۔

اس واقعے کی ویڈیو اردگرد کھڑے شہریوں میں موجود ڈرنیلا فرازیئر نے بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی تھی جس کے بعد امریکہ کے کئی شہروں اور دنیا بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

ڈیرک شاوین اور ان کے دیگر ساتھیوں کو پولیس کے محکمے نے اس واقعے کے بعد ملازمت سے برخاست کر دیا تھا۔

بعد ازاں منی ایپلس کی جیوری نے اپریل 2021 میں جارج فلائیڈ کے قتل کے الزام میں ڈیرک شاوین کو مجرم قرار دیا تھا۔

شاوین کو سزا سنانے کے لیے 25 جون کی تاریخ مقرر ہے۔ وہ 20 اپریل کو الزام ثابت ہونے کے بعد سے جیل میں ہیں اور جارج فلائیڈ کیس میں علیحدہ فیڈرل سول رائٹس کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈرنیلا فرازیئر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیرک شاوین نے 46 سالہ سیاہ فام جارج فلائیڈ، جس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، کو 20 ڈالر کا جعلی نوٹ استعمال کرنے کے الزام پر گرفتار کیا ہے اور اپنے گھٹنوں تلے ان کی گردن کو دبایا ہوا ہے۔

اس دوران جارج فلائیڈ بار بار زندگی بخشنے کی التجا بھی کر رہے تھے۔

شاوین نے جارج فلائیڈ کو نو منٹوں تک اپنے گھٹنوں تلے دبائے رکھا تھا۔ (فائل فوٹو)
شاوین نے جارج فلائیڈ کو نو منٹوں تک اپنے گھٹنوں تلے دبائے رکھا تھا۔ (فائل فوٹو)

اس کیس کی سماعت کے دوران ڈرنیلا فرازیئر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے نو سالہ کزن کے ہمراہ دکان گئی تھیں تو انہوں نے دیکھا کہ ایک خوف زدہ شخص اپنی زندگی کی بھیک مانگ رہا ہے جسے دیکھ کر انہوں نے اپنا موبائل فون نکالا اور اس منظر کو ریکارڈ کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بعد ازاں رات میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘فیس بک’ پر پوسٹ کر دی تھی جہاں دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں نے اسے دیکھا۔

یہ بھی پڑھیے

XS
SM
MD
LG