رسائی کے لنکس

قذافی کی کامیابی مشرق وسطیٰ کے لیے خطرناک: امریکہ


قذافی کی کامیابی مشرق وسطیٰ کے لیے خطرناک: امریکہ
قذافی کی کامیابی مشرق وسطیٰ کے لیے خطرناک: امریکہ

خطرات کا ذکر کرتے ہوئے برنز نے کہا کہ اِس بات کا احتمال ہے کہ مسٹر قذافی دہشت گردی اور شدید انتہا پسندی کی طرف چل پڑیں گے۔ لیبیا بین الاقوامی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے جِس میں 1988ء میں اسکاٹ لینڈ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے امریکی مسافر بردار طیارے کو گرانے کا واقعہ شامل ہے

امریکہ نےانتباہ دیا ہےکہ لیبیا کے لیڈر معمر قذافی کی طرف سےباغیوں کےخلاف تشدد کی کارروائی کا استعمال مشرقِ وسطیٰ کو مزید افراتفری کی طرف دھکیل دے گا۔ باغی، اُن کے 42برس کی حکرانی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

امریکہ کے معاون وزیرِ خارجہ ولیم برنز نے جمعرات کو سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے قانون سازوں کو بتایا کہ اگر مسٹر قذافی نےباغیوں کے احتجاج کو طاقت کےبل بوتے پر دبانے کی کوشش کی تواِس بات کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ قذافی کی حامی افواج لیبیا کےمشرقی اورمغربی علاقوں میں باغیوں کے ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔

خطرات کا ذکر کرتے ہوئے برنز نے کہا کہ اِس بات کا احتمال ہے کہ مسٹر قذافی دہشت گردی اور شدید انتہا پسندی کی طرف چل پڑیں گے۔ لیبیا بین الاقوامی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے جِس میں 1988ء میں اسکاٹ لینڈ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے امریکی مسافر بردار طیارے کو گرانے کا واقعہ شامل ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعرات کو کہا کہ اگر مسٹر قذافی اقتدار میں رہتے ہیں تو وہ خطے میں مزید فساد پھیلائیں گے، جو بات، اُن کے بقول، لیبیا کےلیڈر کی ’فطرت‘ میں شامل ہے۔ اُنھوں نے یہ بات ہمسایہ ملک تیونس میں دورے کے دوران کہی۔

برطانیہ، فرانس اور عرب لیگ کی طرف سے لیبیا کے خلاف نو فلائی زون قائم کرنے کے حوالے سے، امریکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کے منظوری کے لیے کوشاں ہے۔ تاہم، برنز نے قانون سازوں کو بتایا کہ اوباما انتظامیہ اِس بات کی حامی نہیں ہے کہ بری فوجیں بھجوا کر لیبیا کی حکومتی فورسز کو روکا جائے۔
امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ممکنہ ملٹری کارروائی کی صورت میں، عرب حکومتوں کو ایک مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ اِس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مسٹر قذافی کےخلاف نئےاقدامات پرعمل درآمد کے سلسلےمیں عرب ملکوں کی شرکت پرغور کر رہی ہے۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ نو فلائی زون کے نفاذ کےسلسلے میں کچھ اقدام کرنے کی ضرورت پڑے گی کہ اِس پر عمل درآمد کرنے والے طیاروں اور پائلٹوں کو تحفظ فراہم ہو، مثلاً لیبیا کے دفاعی نظام اوردوسرے اہداف پربمباری کرنا۔

XS
SM
MD
LG