رسائی کے لنکس

روس کی ’جاسوس وہیل‘ ناروے کی سمندری حدود میں مردہ حالت میں برآمد


ہولدیمیر ناروے کے سمندر میں مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔
ہولدیمیر ناروے کے سمندر میں مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔

  • روس سے تعلق کی وجہ سے بلوگا وہیل کو ’ہولدیمیر‘ کا نام دیا گیا تھا۔
  • ہولدیمیر کی نگرانی 2019 سے کی جارہی تھی۔
  • بلوگا نسل سے کی وہیل کی اوسط عمر 40 سے 60 برس ہوتی ہے۔
  • ہولدیمیر کی موت 14 برس کی عمر میں ہوئی ہے۔
  • ماہرین ہولدیمیر کی موت کے اسباب کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ویب ڈیسک—ناروے کے ساحلی حدود میں سمندر میں ایک ایسی بلوگا وہیل مردہ حالت میں پائی گئی ہے جس پر ’روس کی جاسوس‘ ہونے کا شبہہ ہے۔

سمندر میں اس وہیل کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق وہیل کے جسم پر بندھی پٹیوں کی وجہ سے یہ شبہات پیدا ہوئے کہ یہ روس سے جاسوسی کی تربیت یافتہ ہے۔

یہ بلوگا وہیل پہلی مرتبہ 2019 میں ناروے کے شمالی ریجن فنمارک میں دیکھی گئی تھی اور اسے’ہولدیمیر‘ کا نام دیا گیا تھا۔

اس نام میں ’ہول‘ نارویجن زبان میں وہیل کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ہے جب کہ روس کے اس کے مشتبہ تعلق کی وجہ سے روسی ناموں سے ملتا جلتا لفظ ہولدیمیر بنا کر اسے یہ نام دیا گیا تھا۔

اس وقت ناروے کے سمندری حیات کے ماہرین نے وہیل کے جسم پر انسانوں کی بنی ہوئی ایک لگام جیسی پٹی ہٹائی تھی۔ اس پٹی پر ایک کیمرہ نصب تھا جس پر ’اکوپمنٹ سینٹ پیٹرزبرگ‘ پرنٹ تھا۔

ناروے کے حکام کا کہنا تھا کہ ہولدیمیر کسی انکولژر سے فرار ہوئی تھی یا روسی نیوی کی تربیت یافتہ تھی کیوں کہ یہ انسانوں سے مانوس تھی۔

ماسکو نے ہولدیمیر کے ’روسی جاسوس‘ ہونے کی چہ مگوئیوں پر کبھی کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔

ہفتے کو بلوگا ناروے کے جنوبی مغربی ساحل کے نزدیک مردہ حالت میں پائی گئی۔ ہولدیمیر کو مردہ حالت میں ’مرین مائنڈ‘ نامی ایک این جی او نے تلاش کیا جو سمندر میں اس کی نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھ رہی تھی۔

مرین مائینڈ کے بانی سیبسٹیئن اسٹرینڈ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ وہ ہولدیمیر کو تلاش کر رہے تھے کہ وہ انہیں مردہ حالت میں ملی۔ 24 گھنٹے قبل تک وہ زندہ تھی۔ لیکن پھر وہ مردہ حالت میں سمندر کی سطح پر تیرتی ہوئی پائی گئی۔

اسٹرینڈ کا کہنا ہے کہ وہیل کی موت وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور نہ ابتدائی طور پر ہولدیمیر کے جسم پر کسی زخم کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مردہ ہولدیمیر کو سرد خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مختلف آلات کے ذریعے اس کے موت کی وجہ معلوم کی جائے گی۔

ہولدیمیر کی عمر کا اندازہ 14 سے 15 سال لگایا گیا ہے۔ اس اعتبار سے ہولدیمیر جواں مرگ ہے کیوں کہ بلوگا وہیل کی اوسط عمر 40 سے 60 برس کے درمیان ہوتی ہے۔

بلوگا وہیل زیادہ سے زیادہ 20 فٹ تک لمبی ہوسکتی ہے جب کہ یہ گرین لینڈ، شمالی ناروے اور روس کے سمندروں میں پائی جاتی ہے۔

یہ بحیرۂ ببیرنٹس میں بھی پائی جاتی ہے جو روس اور مغربی ممالک کی سمندری نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کے لیے اہم علاقہ سمجھا جاتا ہے۔

اسے اٹلانٹک اور بحر الکاہل کے درمیان سمندری گزرگاہوں کا راستہ بھی کہا جاتا ہے۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG