رسائی کے لنکس

بالی وڈ اداکار سنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی فلم نگری بالی وڈ کے اداکار سنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

سنجے دت کو سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ممبئی کے ایک اسپتال لایا گیا تھا۔ تاہم اُنہیں طبی امداد کے بعد پیر کو ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

دو روز اسپتال میں رہنے کے دوران اداکار کے کرونا وائرس سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔

سنجے دت کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ تاہم ایک رپورٹ میں اُن کے سینے میں سیال مادہ جمع ہونے کی شکایت سامنے آئی تھی۔ مزید تشخیص کے بعد انکشاف ہوا کہ اُنہیں پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔

منگل کو سنجے دت نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ علاج کی غرض سے وہ کام سے 'مختصر وقفہ' لے رہے ہیں۔

اُن کے بقول، "میری فیملی اور دوست میرے ساتھ ہیں، میں اپنے خیر خواہوں پر زور دوں گا کہ پریشان نہ ہوں اور غیر ضروری قیاس آرائیاں نہ کریں۔ آپ کے پیار اور نیک خواہشات کے ساتھ میں جلد واپس آؤں گا۔"

بھارتی اداکار اور گلوکار ادھیاین سمن نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’سنجو سر کو پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔'

آٹھ اگست کو سنجے دت نے اپنی ایک ٹوئٹ میں اپنے پرستاروں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ٹھیک ہیں اور اُن کا کوویڈ-19 ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ جو خود بھی کینسر کے مرض کو شکست دے چکے ہیں، انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں سنجے دت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ہمیشہ سے ایک فائٹر رہے ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ ایسے موقع پر کتنا درد سہنا پڑتا ہے لیکن میں یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ بہت مضبوط ہیں اور اس سخت مرحلے سے بھی کامیابی کے ساتھ نمٹ لیں گے۔ میری دعائیں اور نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

سنجے دت کی ایک ساتھی اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ 'بے شک یہ ایک پریشان کن اور ہولناک خبر ہے لیکن سنجے دت نے اپنی ساری زندگی چیلنجز کے خلاف لڑنے میں گزاری ہے۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔'

راہول ڈھولکیا کا کہنا ہے کہ 'ٹائیگر آپ اس بیماری کے خلاف بھی جیت جائیں گے۔'

سنجے دت نے 80 کے عشرے میں فلموں میں کام کا آغاز کیا تھا۔ اُن کی پہلی فلم 'راکی' 1981 میں ریلیز ہوئی تھی جسے اُن کے والد سنیل دت نے ڈائریکٹ کیا تھا۔

سنجے دت نے 1986 میں ریچا شرما نامی ایک بھارتی نژاد امریکی لڑکی سے پہلی شادی کی تھی۔ ریچا سے اُن کی ایک بیٹی ترشلا پیدا ہوئیں لیکن ریچا شادی کے کچھ ہی سال بعد 'برین ٹیومر' کے سبب چل بسی تھیں۔

سنجے نے 2008 میں مانیاتہ دت سے دوسری شادی کی جن سے اُن کے دو بچے ہیں۔ اداکار کی نئی آنے والی فلموں میں 'سڑک ٹو' اور 'بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا' شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG