بالی وڈ اداکار سنجے دت کو سانس لینے میں تکلیف محسوس کرنے پر ممبئی کے لیلا وتی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وہیں ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی ہوا۔ رپورٹ میں ان کے وبا سے متاثر نہ ہونے کی تشخیص ہوئی۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' نے اسپتال ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سنجے دت خیریت سے ہیں تاہم ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
سنجے دت نے اپنی خیریت کے حوالے سے ایک ٹوئٹ بھی کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سب لوگ اطمینان رکھیں میں بالکل ٹھیک ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کی غرض سے اسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایک دو دن بعد میں اسپتال سے فارغ ہو جاؤں گا۔
دوسری جانب سنجے دت کی بہن پریا دت نے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو بتایا کہ سنجے دت کو سانس لینے میں تھوڑی سی شکایت ہوئی تھی تو انہیں معمول کے مطابق چیک اپ کی غرض سے اسپتال لایا گیا۔
ان کے بقول اسپتال میں ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا جو منفی ہے۔
پریا دت نے مزید بتایا کہ ہو سکتا ہے سنجے پیر کو اسپتال سے فارغ کر دیے جائیں۔ ہم نے انہیں تمام ٹیسٹ کروانے کی غرض سے بھی اسپتال منتقل کیا ہے۔
اسپتال کے ایک عہدیدار کے مطابق سنجے دت کی طبیعت بہتر ہے اور انہیں سانس لینے میں جو دقت پیش آ رہی تھی اس میں بھی افاقہ ہوا ہے۔
سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی ہے۔ 2019 میں ان کی تین فلمیں ریلیز ہوئی تھیں جن میں کلنک، پانی پت اور پرستھانم شامل ہیں۔
ان فلموں میں ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ، عالیہ بٹ، سوناکشی سنہا، ورون دھون، ارجن کپور اور کریتی سینن نے کام کیا تھا۔
ان کی جلد ریلیز ہونے والی فلموں میں سڑک ٹو، بھوج اور تورباز شامل ہیں۔
سڑک ٹو 21 سال پہلے فلم ساز مہیش بھٹ کی ریلیز ہونے والی فلم سڑک کا سیکوئل ہے۔ اس فلم کے ہیرو بھی سنجے دت ہی تھے۔