امریکہ کی مایہ ناز ٹینس اسٹار اور دورِ حاضر میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والی سرینا ولیمز نے بالآخر ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
چالیس سالہ سابق عالمی نمبر ایک نے معروف جریدے 'ووگ' کے لیے ایک کالم تحریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ رواں ماہ ہونے والے یو ایس اوپن کے بعد ہمیشہ کے لیے کھیل کو خیرباد کہہ دیں گی۔
ووگ میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے لکھا کہ وہ ٹینس چھوڑ کر زیادہ اہم چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ "میرے لیے ٹینس چھوڑنے کا تصور کرنا ہی بہت مشکل تھا، لیکن اب میں کھیل سے ریٹائر ہو کر خاندان اور کاروبار پر توجہ دینا چاہتی ہوں۔"
بقول سرینا ولیمز ، وہ اب اپنی پانچ سالہ بیٹی اور شوہر کے ساتھ وقت گزارنے کی خواہش مند ہیں جب کہ ان کی اکلوتی بیٹی جلد بڑی بہن بننے کی خواہش مند ہے۔
سرینا ولیمز کا شمار دورِ حاضر کے کامیاب ترین ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، ان کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اگرمینز سنگلز ٹینس میں رافیل نڈال 22 گرینڈ سلیم کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، تو سرینا کے ویمنز سنگلز گرینڈ سلیم کی تعداد 23 ہے۔
اپنے کریئر کے دوران سب سے زیادہ سنگلز گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا عالمی ریکارڈ اب بھی مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے، یو ایس اوپن کھیل کر سرینا ولیمز آخری مرتبہ اس ریکارڈ کو برابر کرنے کی کوشش کریں گی۔
اپنے کالم میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اگر وہ یہ کہیں گی کہ وہ یہ ریکارڈ برابر کرنا نہیں چاہتیں تو وہ جھوٹ ہوگا، اگر وہ ایسا کرنےمیں کامیاب نہیں بھی ہوئیں تو انہیں اس کا غم نہیں ہو گا۔
سرینا ولیمز نے کی کسی بھی گرینڈ سلیم ایونٹ میں آخری کامیابی 2017 میں حاصل کی تھی جس کے بعد سے وہ انجری اور نئے کھلاڑیوں کی آمد کی وجہ سے اپنے 23 گرینڈ سلیم میں اضافہ نہ کرسکیں۔
سرینا ولیمز نے اپنے کریئر کا آغاز 14 سال کی عمر میں 1995 میں کیا تھا جب کہ 17 سال کی عمر میں یو ایس اوپن جیت کر انہوں نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی۔
وہ ٹینس کی تاریخ کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے سنگلز کریئر کے دوران سات ومبلڈن ، سات آسٹریلین اوپن ، چھ یو ایس اوپن اور تین بارفرینچ اوپن میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2012 میں اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر کریئر گولڈ سلیم اپنے نام کیا۔
جرمنی کی اسٹیفی گراف ایک ہی سال میں تمام گرینڈ سلیم اور اولمپک گولڈ جیتنے والی اب تک کی واحد کھلاڑی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ ڈبلیو ٹی اے کی رینکنگ میں 319 ہفتوں تک نمبر ون رہیں، جو کہ ان کی بطور کھلاڑی مہارت کا ثبوت ہے، سرینا ولیمز صرف سنگلز میں ہی نہیں ڈبلز میں بھی اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے ہمراہ دوسروں کے لیے مشکل حریف ثابت ہوئیں۔
انہوں نے اپنے ڈبلز کریئر کے دوران مجموعی طور پر 16 ڈبلز گرینڈ سلیم جیتے جن میں چھ ومبلڈن، چار آسٹریلین اوپن، دو فرینچ اوپن اور دو یو ایس اوپن کے ویمنز ڈبلز ٹائٹل شامل ہیں جب کہ اولمپک گیمز میں بھی وہ تین بار ڈبلز کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔
وہ ومبلڈن اور یو ایس اوپن کی مکسڈ ڈبلز فاتح رہنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کو فیڈ کپ اور ہوپ مین کپ جتوانے میں بھی کامیاب ہوئیں۔
ان کی اور ان کی بہن وینس ولیمز کی ابتدائی زندگی پر ہالی وڈ فلم 'کنگ رچرڈ' گزشتہ سال ریلیز ہوئی جس میں ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے ول اسمتھ کو بہترین اداکار کا اکیڈمی ایوارڈ ملا تھا۔
سرینا ولیمز کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے حال ہی میں ان کے ایک کھیلے گئے میچ کی فوٹیج شیئر کرکے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ومبلڈن نے ان کی ریٹائرمنٹ پر ایک اسپیشل پوسٹ کا اہتمام کیا جس میں ان کے کریئر کا جائزہ لیا گیا۔
ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ان کی ایک ایسی ویڈیو جاری کی جس میں انہیں ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد خوشی سے ناچتے ہوئے دکھایا گیا۔
ٹوئٹر پر ان کا ایک پرانا انٹرویو بھی شیئر ہوا جس میں ٹین ایجر سرینا ولیمز کہہ رہی ہیں کہ وہ کسی کی تقلید نہیں کرنا چاہتیں بلکہ چاہتی ہیں کہ لوگ ان کی طرح ٹینس کھیلیں۔