رسائی کے لنکس

ایک دن پروڈیوسر کو فون کر کے کہا میں اداکاری نہیں کرنا چاہتا: شاہ رخ خان


  • بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے لیے 2023 ان کے کریئر کا بہترین سال سمجھا جاتا ہے۔
  • ان کی 2023 میں دو بڑی فلمیں 'پٹھان' اور 'جوان' ریلیز ہوئیں جنہوں نے ریکارڈ بزنس کیا۔
  • اداکار کی 2018 کی فلم 'زیرو' کو باکس آفس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
  • اس وقت فلموں سے بریک فلاپ فلمیں نہیں تھیں۔ خود کام نہیں کرنا چاہتا تھا: شاہ رخ

"ایک دن میں صبح اٹھا۔ اس وقت میں ایک فلم کر رہا تھا۔ میں نے پروڈیوسر کو فون کیا اور کہا کہ میں ایک سال تک کام نہیں کرنا چاہتا۔ یہ میرا انتہائی غیر پیشہ وارانہ رویہ تھا۔"

یہ الفاظ شاہ رخ خان کے ہیں جن کو بالی وڈ کنگ کہا جاتا ہے۔ شاہ رخ خان کے لیے سال 2023 ان کے کریئر کے اعتبار سے بہترین سال سمجھا جاتا ہے۔ اس سال انہوں نے بالی وڈ کو دو بڑی فلمیں 'پٹھان' اور 'جوان' دیں جس نے ریکارڈ بزنس کیا۔

شاہ رخ خان نے یہ فلمیں چار برس کے بریک کے بعد کی تھیں۔ اداکار کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'زیرو' کو باکس آفس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل سال 2017 میں شاہ رخ خان کی 'جب ہیری میٹ سیجل' اور 2016 میں فلم 'فین' بھی باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی جس کے بعد اداکار چار برس تک سِلور اسکرین سے غائب رہے۔

ان کے مداح اپنے پسندیدہ ہیرو کو سنیما میں دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

سال 2023 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی دونوں فلموں 'پٹھان' اور 'جوان' نے باکس آفس پر ایک ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے جب کہ یہ فلمیں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلموں کی فہرست میں پانچویں اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

اداکار نے حال ہی میں امریکی جریدے 'ورائٹی' کو ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ فلموں سے بریک لینے کی وجہ بیک ٹو بیک فلاپ فلمیں نہیں تھیں بلکہ وہ خود کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔

شاہ رخ خان نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ "یہ وقفہ فلموں کی ناکامی کی وجہ سے نہیں تھا۔ میں نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ جس دن مجھے صبح اٹھنے اور شوٹ کرنے کا دل چاہنے کا احساس نہیں ہوتا، میں کام نہیں کرتا۔"

ان کے بقول "میں ایک فلم کر رہا تھا اور یہ دسمبر کی بات ہے، میں اٹھا اور پروڈیوسر کو فون کر کے کہا کہ میں ایک سال تک کام نہیں کرنا چاہتا۔ یہ میرا غیر پیشہ وارانہ رویہ تھا۔"

شاہ رخ خان نے مزید بتایا کہ پروڈیوسر نے ان سے کہا کہ یہ ناممکن ہے، آپ ایک منٹ بھی کام کیے بغیر نہیں بیٹھ سکتے۔ اگر آپ کو فلم ہی نہیں پسند ہے تو آپ بتائیں۔ لیکن یہ نہ کہیں کہ آپ کو ایک سال تک کام ہی نہیں کرنا۔

اداکار نے کہا کہ اسی پروڈیوسر نے مجھے ڈیڑھ سال بعد فون کیا اور کہا کہ "میں واقعی حیران ہوں کہ آپ ابھی تک کام نہیں کر رہے۔"

شاہ رخ خان نے کہا کہ تو میں واقعی صرف کام نہیں کرنا چاہتا تھا، اداکاری نہیں کرنا چاہتا تھا۔ مجھے اداکاری کرنے کا احساس ہی نہیں ہو رہا تھا کیوں کہ میرے لیے اداکاری ایسی ہے کہ وہ صرف اور صرف دل سے ہونی چاہیے۔

ہالی وڈ میں اداکاری سے متعلق شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ "میرے خیال میں رسائی کے لحاظ سے ہالی وڈ دنیا کا سب سے بڑا سنیما ہے اور اس کی فلمیں زیادہ لوگوں تک پہنچتی ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ میں اس وقت انتخاب کرنے اور شرائط رکھنے کی پوزیشن میں ہوں۔ لیکن ہاں جب کبھی موقع ملے، مجھے امید ہے کہ میں اچھی طرح سے انگریزی بول سکوں۔"

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسا ہی کردار ادا کرنا چاہیں گے جس سے بھارتی فلم بین یا ان کے مداح مایوس نہ ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ وہ اب فلم 'کنگ' میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری سوجوئے گھوش دے رہے ہیں جب کہ اسے فلم پٹھان کے پروڈیوسر سدھارتھ آنند ہی پروڈیوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کیا کہ یہ فلم ایکشن اور ڈرامہ سے بھر پور ہو گی اور وہ پچھلے سات آٹھ سال سے ایسی فلم کا انتظار کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG