حکومتِ بھارت نے اطالوی ہوائی اڈے پر مامور عہدے داروں کی طرف سے اِس مطالبے پر احتجاج کیا ہے جِس میں عالمی شہرت یافتہ ایک سکھ کوچ کو سکیورٹی کی تلاشی کے دوران پگڑی اتارنےکو کہا گیا تھا۔
بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے بدھ کو ہونے والی اِس طرح کی تلاشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مذہبی روایات کی پاسداری کی جانی چاہیئے۔
اِس واقع کے بارے میں بھارتی عہدے داروں کے ساتھ گفتگو کے بعد اطالوی سفیر گیاکومو سینفلس دی مونٹے فورٹے نے اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
امرتندر سنگھ جو گولف کے کھلاڑی جیو ملکھا سنگھ کی کوچنگ کرتے ہیں، اُن سے ایک ہی ہفتے کے اندر دو مرتبہ میلان ایئرپورٹ پر پگڑی اتروائی گئی۔
سکھ مذہب قبول کرنے والوں کےلیے لازم ہے کہ وہ اپنی داڑھیاں اور بال نہ کاٹیں اور پگڑی پہنے رکھیں۔