رسائی کے لنکس

چمن میں فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں دھماکہ، سات افراد ہلاک


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ چمن کے مرغی بازار میں نمازِ جمعہ کے بعد اس وقت ہوا جب فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی جا رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ چمن کے مرغی بازار میں نمازِ جمعہ کے بعد اس وقت ہوا جب فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی جا رہی تھی۔

بلوچستان کے افغانستان کے ساتھ سرحدی شہر چمن میں بم دھماکے میں کم ازکم سات افراد ہلاک جب کہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ چمن کے مرغی بازار میں نمازِ جمعہ کے بعد اس وقت ہوا جب جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کی فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی جا رہی تھی۔

دھماکے کے بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے زخمی افراد کو سول اسپتال چمن منتقل کیا۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا۔

فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی اور قاری مہر اللہ سمیت کئی اہم رہنما شریک تھے۔ البتہ رہنما اس واقعے میں محفوظ رہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس پی) چمن جعفر خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ چمن میں مرغی بازار میں عید گاہ کے قریب دھماکہ ہوا جس میں جمعیت علماٴ اسلام کے کارکنوں اور عام شہریوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔ جب کہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس پی جعفر خان کے مطابق دھماکے میں چار کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جس کا نشانہ ریلی میں شامل رہنما تھے۔ البتہ وہ اس دھماکے میں محفوظ رہے۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیا لانگو نے چمن میں ساجد خان مہمند روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

ایک بیان میں میر ضیا لانگو نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

‏‎ادھر ترجمان حکومتِ بلوچستان لیاقت شاہوانی نے ایک بیان میں چمن میں یومِ یکجہتیٴ فلسطین ریلی کے قریب دھماکے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ زخمیوں کی نگہداشت کے لیے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں موٹر سائیکل میں نصب ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG