رسائی کے لنکس

خلا میں پرائیویٹ اسپیس واک کا تاریخی مشن تاخیر کا شکار


  • ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے بدھ کی علی الصباح 'پولیرس ڈان' نامی مشن کو خلا کے لیے روانہ ہونا تھا۔
  • خراب موسم کی وجہ سے مشن کو روانہ نہیں کیا جا رہا، اسپیس ایکس
  • ٹیمیں سازگار لانچنگ اور واپسی کے لیے موسم کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہیں، اسپیس ایکس
  • کمپنی نے منگل کو تیکنیکی خرابی کی وجہ سے مشن کی لانچنگ ملتوی کی تھی۔
  • اسپیس میں واک کے مشن کی سربراہ ارب پتی تاجر جیراڈ آئزک مین کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ 'اسپیس ایکس' کے دو ملازم اور ایک ریٹائرڈ فوجی پائلٹ خلا میں جانے والوں میں شامل ہیں۔

ویب ڈیسک _ خلا میں پرائیویٹ اسپیس واک کا پہلا تاریخی مشن موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے اور اب یہ کب خلا میں روانہ ہو گا؟ اس بارے میں کوئی حتمی وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں موجود ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے بدھ کی علی الصباح 'پولیرس ڈان' نامی مشن کو خلا کے لیے روانہ ہونا تھا۔ تاہم امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ناموافق موسمی صورتِ حال کی وجہ سے مشن کو روانہ نہیں کیا جا رہا۔

اسپیس ایکس نے سماجی رابطے کی سائٹ 'ایکس' پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیمیں سازگار لانچنگ اور واپسی کے لیے موسم کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

اس سے قبل کمپنی نے منگل کو لانچنگ پیڈ کے ٹاور کو راکٹ کے ساتھ جوڑنے والے پرزے سے ہیلیم کی لیکج کی وجہ سے مشن کو ملتوی کیا تھا۔

مشن کے سربراہ ارب پتی تاجر جیراڈ آئزک مین ہیں جب کہ ان کے ہمراہ 'اسپیس ایکس' کے دو ملازم اور ایک ریٹائرڈ فوجی پائلٹ خلا میں جانے والوں میں شامل ہیں۔

مذکورہ چاروں افراد خلا میں 1400 کلو میٹر کی بلندی تک جائیں گے جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی بلندی سے تین گنا زیادہ ہے۔ اس بلندی تک پچھلے 50 سال میں کوئی انسان نہیں گیا ہے۔

سن 1970 میں چاند پر جانے والے ’اپولو 13‘ مشن کا عملہ تقریباً چار لاکھ کلومیٹر کی ریکارڈ بلندی تک خلا میں گیا تھا مگر انہیں چاند پر لینڈنگ کیے بغیر ہی واپس لوٹنا پڑا تھا۔

خلائی مشن 'پولیرس ڈان' چھ روز تک زمین کے مدار کے گرد گردش کرے گا اور اس دوران کریو ممبرز اسپیس واک کریں گے۔ اس مشن میں شامل افراد کو دو برس تک تربیت کے سخت مراحل سے گزرنا پڑا تھا۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG