رسائی کے لنکس

ممبئی: ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ سے 22 افراد ہلاک


ممبئی کے ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن کے اس پل کا منظر جہاں حادثہ پیش آیا۔
ممبئی کے ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن کے اس پل کا منظر جہاں حادثہ پیش آیا۔

ریلوے حکام کے مطابق جس پل پر حادثہ پیش آیا ہے وہ ایلفنسٹن کے ساتھ واقع ایک دوسرے ریلوے اسٹیشن کا بھی خارجی راستہ ہے جس کے باعث دن کے اوقات میں پل پر مسافروں کا بے انتہا رش رہتا ہے۔

بھارت کے شہر ممبئی کے ایک ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حادثہ جمعے کو ممبئی کے مرکزی ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن کے پل پر شدید طوفانی بارش کے دوران پیش آیا۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹر - ممبئی جس کا دارالحکومت ہے - کے وزیرِ صحت دیپک ساونت نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش تھا جن کی ایک بڑی تعداد نے اچانک بارش شروع ہونے کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے جانے والے ایک پل کا رخ کیا تاکہ اس کی چھت کے نیچے پناہ لے سکیں۔

ایک زخمی آکاش کوٹیجا نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرینوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری تھا اور ان سے اترنے والے مسافروں کو اسٹیشن سے باہر نکلنے کی جگہ نہیں مل رہی تھی کیوں کہ شدید بارش کے باعث ہر فرد اسٹیشن سے باہر جانے والے پل کی چھت کے نیچے پناہ لینا چاہ رہا تھا۔

آکاش کوٹیجا کے مطابق اسی دوران ہونے والی دھکم پیل سے کئی مسافر کچلے گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق جس پل پر حادثہ پیش آیا ہے وہ ایلفنسٹن کے ساتھ واقع ایک دوسرے ریلوے اسٹیشن کا بھی خارجی راستہ ہے جس کے باعث دن کے اوقات میں پل پر مسافروں کا بے انتہا رش رہتا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ ریلوے پیوش گوئل جائے واقعہ پر موجود ہیں اور وہاں جاری کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG