رسائی کے لنکس

'دی سپر ماریو بروز' کا ایک ارب ڈالر کا بزنس؛ باکس آفس پر مسلسل چار ہفتے ٹاپ پوزیشن برقرار


نینٹینڈو اور یونیورسل اسٹوڈیوز کی طرف سے جاری کردہ اس تصویر میں ماریو بائیں طرف ہیں۔ دائیں طرف ر لوئیگی ہیں۔ (فوٹو: اے پی)
نینٹینڈو اور یونیورسل اسٹوڈیوز کی طرف سے جاری کردہ اس تصویر میں ماریو بائیں طرف ہیں۔ دائیں طرف ر لوئیگی ہیں۔ (فوٹو: اے پی)

باکس آفس پر ان دنوں فلم 'دی سپر ماریو بروز' کا جادو چھایا ہوا ہے۔ اپریل میں ریلیز ہونے والی یہ فلم دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر کا بزنس کر چکی ہے اور باکس آفس پر مسلسل چار ہفتوں سے ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔

اتوار کو جاری کردہ 'یو نیورسل پکچرز اسٹوڈیو' کے تخمینے کے مطابق چوتھے ہفتےکے آخر میں 'دی سپر ماریو بروز' امریکہ اور کینیڈا کے تھیٹرز سے چار کروڑ ڈالرز کے ٹکٹوں کی فروخت کے ساتھ سب سے اوپر رہی۔

اس فلم نے اتوار کو دنیا بھر میں باکس آفس پر آسانی سے ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کیا جس کے بعد یہ 2019 کے بعد ایک ارب ڈالر کمانے والی 10ویں اینی میٹڈ فلم بن گئی ہے۔

اب خیال کیا جارہا ہے کہ آئندہ ہفتے مارول کی نئی فلم 'گارڈینز آف دی گلیکسی والیوم 3' جلد 'دی سپر ماریو بروز' کو ٹکر دے گی۔

عام طور سے ڈراؤنی فلمیں بہت زیادہ بز نس نہیں کرتیں لیکن وارنر بروز کی فلم 'ایول ڈیڈ رائز' باکس آفس پر دوسرے نمبر پر رہی جس نے ریلیز کے دوسرے ہفتے لگ بھگ ایک کروڑ 22 لاکھ ڈالرز کمائے۔

تیسرے نمبر پر فلم 'آر یو دیئر گاڈ؟ اٹس می مارگریٹ' رہی جس نے ریلیز کے پہلے ہفتے 68 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جو تین کروڑ ڈالر بجٹ میں بننے والی فلم کے لیے ایک اچھا آغاز ہے۔

اس فلم کی کہانی 11 سالہ لڑکی مارگریٹ کے گرد گھومتی ہے جو بلوغت کے دور سے گزر رہی ہے۔فلم کو نقادوں کی جانب سے شاندار ریویوز ملے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ یہ مدرز ڈے پر اچھا بزنس کرے گی۔

اسی ویک اینڈ و الٹ ڈزنی کمپنی نے اپنی جانی پہچانی فلم 'اسٹار وارز: ریٹرن آف دی جیڈی' دوبارہ ریلیز کی جس نےصرف 475 تھیٹرز سے 47 لاکھ ڈالرز کمائے۔ ڈزنی نے سن 1983 کی اس فلم کو اپنی 40 ویں سالگرہ منانے کے لیے اس کے خصوصی ایڈیشن ورژن کو دوبارہ سنیما گھروں میں پیش کیا ہے۔

امریکی میڈیا کمپنی 'کوم اسکور' کی جانب سے پیش کیے جانے والے گزشتہ ویک اینڈ پر فلموں کے بزنس کے جائزے پر نظر ڈالتے ہیں۔

1۔ دی سپر ماریو بروز: چار کروڑ ڈالرز

2۔ ایول ڈیڈ رائز: ایک کروڑ 22 لاکھ ڈالرز

3۔ آر یو دیئر گاڈ؟ اٹس می مارگریٹ:68 لاکھ ڈالرز

4۔ جان وِک: چیپٹر فور: 50 لاکھ ڈالرز

5۔ اسٹار وارز: ریٹرنز آف دی جیدی : 47 لاکھ ڈالرز

XS
SM
MD
LG