رسائی کے لنکس

یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہے، صدر ٹرمپ


ABŞ - Vaşinqton, Ağ Evdə
ABŞ - Vaşinqton, Ağ Evdə

صحافیوں کے اس سوال پر کہ طوفان سے کیا مراد ہے، صدر ٹرمپ نے کہا، "آپ کو جلدپتا چل جائے گا۔"

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور شمالی کوریا کے معاملات پر اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہے۔

جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں امریکی فوج کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کے بعد گروپ فوٹو کھنچواتے ہوئے صدر نے اپنے ساتھ موجود فوجی جنرلوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وہاں موجود صحافیوں سے کہا، "کیا آپ جانتے ہیں اس سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟ ہوسکتا ہے کہ یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی ہو۔"

صحافیوں کے اس سوال پر کہ طوفان سے کیا مراد ہے، صدر ٹرمپ نے کہا، "آپ کو جلدپتا چل جائے گا۔"

وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ نے تاحال صدر ٹرمپ کے اس بیان سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

اس فوٹو سیشن سے قبل صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں امریکہ کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کی تھی جس میں وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والی کشیدگی اور ایران کے ساتھ تعلقات پر غور کیا گیا۔

فوجی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کا مقصد شمالی کوریا اور خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شمالی کوریا پر برسرِ اقتدار آمریت کو امریکی قوم اور اس کے اتحادیوں کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دے سکتے اور ان دھمکیوں اور ان پر عمل درآمد کو روکنے کے لیے جو بھی کرنا پڑا امریکہ وہ کرے گا۔

اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے ایران کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔

صدر ٹرمپ نے فوجی جنرلوں کو ہدایت کی کہ آئندہ جب بھی ضرورت پڑے وہ کسی بھی مسئلے پر انہیں عسکری آپشنز جلد از جلد تجویز کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ امریکی بیوروکریسی سست ہے اور اسی لیے وہ بیوروکریسی کی سست روی سے نبٹنے کے لیے فوج پر انحصار کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG