رسائی کے لنکس

چین کے کمرشل جیٹ طیارے مزید دو فضائی کمپنیوں کے بیڑے میں شامل ہو گئے


چین کی طیارہ ساز کمپنی کومیک کا مسافر جیٹ طیارہ سی۔919 محو پرواز ہے۔ اس وقت چین کے تین بڑی ایئرلائنز یہ طیارے اڑا رہی ہیں۔20 فروری 2024
چین کی طیارہ ساز کمپنی کومیک کا مسافر جیٹ طیارہ سی۔919 محو پرواز ہے۔ اس وقت چین کے تین بڑی ایئرلائنز یہ طیارے اڑا رہی ہیں۔20 فروری 2024
  • چین کی دو فضائی کمپنیوں ایئر چائنا اور چائنا سدرن ایئرلائنز نے چینی طیارہ ساز کمپنی کومیک کے سی۔919 جیٹ طیارے اپنے بیڑے میں شامل کر لیے ہیں۔
  • بین الاقوامی کمرشل جیٹ طیاروں کی مارکیٹ پر مغربی طیارہ ساز کمپنیاں ایئربس اور بوئنگ چھائی ہوئی ہیں۔
  • چینی طیارہ ساز کمپنی کومیک، بین الاقوامی کمرشل جیٹ طیاروں کی مارکیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔
  • سی۔919 جیٹ مسافر طیارے بوئنگ 737 میکس اور ایئربس 320 نیو جیسے ہیں اور ان میں 192 نشستیں ہیں۔
  • کومیک کی فی الحال پیداواری صلاحیت 100 طیارے سالانہ ہے جسے وہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
  • کومیک کو 1000 طیاروں کے آرڈرز مل چکے ہیں۔

چین کے سرکاری ٹیلی وژن نے کہا ہےکہ ایئر چائنا اور چائنا سدرن ایئر لائنز ، چین میں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے کمرشل جیٹ طیارے اڑانے والی دوسری اور تیسری فضائی کمپنیاں بن گئی ہیں۔ انہیں بدھ کے روز کومیک سی۔919 طیارے مل گئے ہیں۔

چینی طیارہ ساز کمپنی کومیک، بین الاقوامی کمرشل جیٹ طیاروں کی مارکیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس مارکیٹ پر مغربی طیارہ ساز کمپنیاں ایئربس اور بوئنگ چھائی ہوئی ہیں۔

مسافر طیاروں کی بڑھتی ہوئی مانگ اور فراہمی میں بڑھتا ہوا فرق اور بوئنگ کے حفاظتی انتظامات پر اٹھتے ہوئے سوالات سے اس مارکیٹ میں دباؤ کی صورت حال ہے۔

کومیک کمپنی اپنے سی۔919 طیاروں کے ساتھ گزشتہ سال مئی میں مسافر طیاروں کی مارکیٹ میں داخل ہوئی تھی اور چین کی ایک فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن، مقامی طور پر تیار کیے جانے والے سات مسافر جیٹ طیارے اڑا رہی ہے۔

چین کی طیارہ ساز کمپنی کومیک کا مسافر جیٹ طیارہ اپنی کی پہلی پرواز کے بعد لینڈنگ کی تیاری کر رہا ہے اور بہت سے لوگ اس لمحے کو محفوظ کرنے کے لیےاس کی تصویر کھینچ رہے ہیں۔ 5 مئی 2017
چین کی طیارہ ساز کمپنی کومیک کا مسافر جیٹ طیارہ اپنی کی پہلی پرواز کے بعد لینڈنگ کی تیاری کر رہا ہے اور بہت سے لوگ اس لمحے کو محفوظ کرنے کے لیےاس کی تصویر کھینچ رہے ہیں۔ 5 مئی 2017

چین کی تین بڑی سرکاری ایئرلائنز میں سے ہر ایک نے ایک سو مسافر طیاروں کا آرڈر دیا ہے، اور کومیک نے بتایا ہے کہ اسے اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار سے زیادہ طیاروں کے آرڈر مل چکے ہیں۔

چائنا سدرن نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر کہا تھا کہ پہلا سی۔919 طیارہ بدھ تک اس کے فضائی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔

سی۔919 طیارے میں مسافروں کے لیے 192 نشستیں ہیں اور یہ بوئنگ میکس 737 اور ایئربس 320 نیو طیاروں کی کیٹگری میں آتا ہے۔

کومیک نے اس سال اپنے طیاروں کی فروخت اور ان کی پیداوار کے منصوبوں میں اضافہ کیا ہے۔ اب یہ کمپنی ملک سے باہر بھی اپنے طیارے فروخت کر رہی ہے جن میں بطور خاص جنوب مشرقی ایشائی ممالک اور سعودی عرب شامل ہیں۔

کومیک کمپنی اب بڑے سائز کے مسافر طیارے بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

ژونگ تائی سیکیورٹیز نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ اسے توقع ہے کہ کومیک 2030 کے لگ بھگ ہر سال ایک سو طیارے بنانے کی صلاحیت حاصل کر لے گی، جب کہ 2035 تک اس کی پیداوار ایک ہزار سے بڑھ جائے گی۔

گزشتہ سال ایئر بس نے 735 کمرشل طیارے فراہم کیے تھے۔

طیارہ سازی کی صنعت کے ذرائع نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کومیک کو بین الاقوامی سطح پر رسائی حاصل کرنے کے لیے طویل راستہ طے کرنا پڑے گا۔ خاص طور پر امریکہ یا یورپی یونین کی سرٹیفکیشن کے بغیر اس کے راستے میں مشکلات حائل رہیں گی۔

کومیک اس وقت بینچ مارک سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مئی میں مسافر طیاروں سے متعلق ایک فرم ’ایوی ایشن کنسلٹنسی سیریم‘ نے کہا تھا کہ اس کے خیال میں کومیک کمپنی 2042 تک سی۔919 ماڈل کے صرف 700 طیارے ہی فراہم کر سکے گی اور اسے طیارہ سازی کی مارکیٹ کا 25 فی صد کے لگ بھگ شیئر ہی مل سکے گا۔

شنگھائی میں قائم چین کی چوتھی بڑی فضائی کمپنی سپرناایئرلائنز کی ایک شاخ ہینن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ اس کا ارادہ اپنے بیڑے میں صرف سی۔919 طیارے ہی رکھنے کا ہے۔ اس کمپنی نے 60 طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔

بوئنگ کے سالانہ کمرشل مارکیٹ آؤٹ لک نے جولائی میں کہا تھا کہ چین 2043 تک اپنے کمرشل ہوائی جہاز کے بیڑے کو دوگنا کر دے گا اور اسے 8830 نئے طیاروں کی ضرورت ہو گی۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات رائٹرز سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG