امریکہ میں کاروربار سے متعلق افراد کا کہناہے کہ اگرچہ ملکی معیشت میں بہتری کا عمل جاری رہنے کا امکان ہے لیکن ان کا یہ بھی کہناہے کہ اس کا پھیلاؤ سست رہے گا۔
جریدے نیشنل ایسوسی ایشن آف بزنس اکنانومسٹس میں پیر کو شائع ہونے والی ایک سروے رپورٹ میں ملک بھر کی کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ زیادہ تر کمپنیوں نے2011ء کے آخر تک معاشی افزائش کی شرح دو فی صد یا اس سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مجموعی قومی پیداوار میں افزائش کی یہ شرح اس سے کم ہے جس کی پیش گوئی اس سے قبل امریکہ کے مرکزی بینک نے کی تھی۔
معاشی پھیلاؤ میں کمی کی وجہ سے ملازمتوں کے نئے مواقع کم پیدا ہورہے ہیں، اور تقریباً ایک تہائی کمپنیوں کا کہناہے کہ انہیں توقع ہے کہ وہ اگلے چھ ماہ میں نسبتاً زیادہ افراد کو روزگار فراہم کرسکیں گے۔
ایک ایسے وقت میں جب زیادہ تر کمپنیاں معاشی سست روی کی توقع کررہی ہیں،تعمیراتی اور کان کنی کے آلات تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی نے پیر کے روز کہاہے کہ اس کے محاصل ، منافع اور فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔
کیٹرپلر کا کہناہے کہ جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں اس کے منافع میں 44 فی صد اضافہ ہواہے۔
کمپنی نے گذشتہ چند ماہ کے دوران تقریباً پانچ ہزار نئے ملازم بھی رکھے ہیں۔
امریکہ میں قائم کیٹرپلر کمپنی اپنی مصنوعات دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کرتی ہے۔