رسائی کے لنکس

امریکہ۔۔۔سب سے زیادہ توانائی استعمال کرنے والا ملک


امریکہ۔۔۔سب سے زیادہ توانائی استعمال کرنے والا ملک
امریکہ۔۔۔سب سے زیادہ توانائی استعمال کرنے والا ملک

امریکہ کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ توانائی استعمال کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ امریکہ کے محکمہ توانائی کے مطابق یہاں صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں توانائی کا استعمال سب سے زیادہ ہے اور تیل کی درآمد پر یہاں ہرسال تقریباً ساڑھے پانچ کھرب ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں۔

امریکہ تقریباً31 کروڑ افراد کا ملک ہے اوراس کی معاشی اور صنعتی پیداوار کا دارومدار توانائی کے مختلف ذرائع پر ہے۔ توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش پر کام تو کئی برسوں سے جاری ہے مگر اس شعبے کو زیادہ توجہ تب ملی جب دو سال پہلے اوباما انتظامیہ نے آٹو انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ ایسی گاڑیاں بنائیں جو متبادل ایندھن پر چلتی ہوں۔ سینٹر فار نیوامریکن سیکیورٹی سے منسلک ایک ماہر ول راجرز کہتے ہیں کہ توانائی کے قدرتی ذرائع پر انحصار جلد کم نہیں ہوگا۔

ان کا کہناہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں توانائی کے استعمال میں تنوع نہیں ہے اور ہم ابھی تک زیادہ تر انحصار توانائی کے حیاتیاتی ذرائع پر کر رہے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں 25 کروڑ گاڑیاں چل رہی ہیں ۔ اسی لئے امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ پیٹرول استعمال کرنے والا ملک ہے۔ توانائی کے امریکی ماہر ڈیوڈ کیٹریئس کہتے ہیں کہ درآمد کیا جانے والا زیادہ تر تیل کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد کیا جاتا ہے اور صرف 25 فی صد تیل مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک سے آتا ہے۔

امریکہ میں توانائی پیدا کرنے کے لئے زیادہ تر انحصار قدرتی ذرائع پر ہے جس میں کوئلہ سر فہرست ہے۔ جب کہ دوسرے نمبر پر قدرتی گیس ہے۔ حالیہ کچھ برسوں میں گھریلو استعمال کے لئے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے مگر راجرز کے خیال میں ان ذرائع کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری بے حد اہم ہے۔

آزاد ذرائع کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں اب تک دوبارہ قابل استعمال پانی، ہوا اور سورج کی روشنی سے پیدا کی جانے والی توانائی کی شرح دس سے 12 فی صد ہے۔اور تونائی کی کل پیداوار کا تقریباً 20 فی صد جوہری ٹیکنالوجی سے حاصل کیا جا تا ہے۔1979 ء میں ریاست پینسلوانیا کے تھری مائل آئس لینڈ کے جوہری پلانٹ میں حادثے کے بعد امریکہ میں جوہری توانائی کا استعمال زیادہ مقبول نہیں ہوا مگر اس کے استعمال میں کمی ہوتی بھی نظر نہیں آتی ۔ ڈیوڈ پر امید ہیں کہ مستقبل میں متبادل ذرائع کی تلاش میں دلچسپی بڑھے گی خاص طورپر بائیو فیول اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو ترقی دینے پر۔

ایک تازہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں توانائی کی کل پیدوار کا تقریباً 58فی صد مختلف وجوہات کی بنا پر ضائع کر دیا جاتا ہے۔اس نقصان کی بڑی وجہ پاور پلانٹس میں حرارت کا اخراج، گاڑیوں اور بجلی کے قمقے ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اکثر امریکی توانائی کے استعمال کےمعاملے میں لا پرواہ واقع ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG