رسائی کے لنکس

مشرق وسطیٰ جنگ کا دائرہ پھیل سکتا ہے، امریکی حکام کا انتباہ


13 اکتوبر 2023 کو اسرائیلی فضائی حملے کے دوران غزہ شہر میں عمارتوں کے اوپر آگ اور دھواں اٹھ رہا ہے۔
13 اکتوبر 2023 کو اسرائیلی فضائی حملے کے دوران غزہ شہر میں عمارتوں کے اوپر آگ اور دھواں اٹھ رہا ہے۔

امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور عسکریت پسند گروپ حماس کے درمیان جاری جنگ مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے تصادم کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

اعلی امریکی حکام کا اتوار کو کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ اسرائیل کے شمال پر حملہ کر سکتا ہے یا اس میں ایران ملوث ہو سکتا ہے۔

امریکہ کی اسرائیل اور حماس کی جنگ کو پھیلنے سے بچانے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے مشرق وسطی کے کئی ممالک کے دورے کیے ہیں۔

اتوار کو وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے سی بی ایس چینل کو کو بتایا کہ "اس تنازعہ کے بڑھنے، شمال میں دوسرا محاذ کھولنے اور یقیناً ایران کی شمولیت کا خطرہ ہے۔"

اس خدشے کی بازگشت وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے بھی کی۔ انہوں نے فاکس نیوز کو بتایا کہ وائٹ ہاؤس "اس تنازعہ کے ممکنہ اضافے یا وسیع ہونے" کے بارے میں فکر مند ہے۔

دریں اثنا خبر رساں ادارے رائٹرز نے اتوار کو خبر دی کہ امریکی جنگی بحری جہازوں کا ایک اور سیٹ طاقت کے مظاہرے میں اس خطے کی طرف روانہ کیا گیا جس کا مقصد اس طرح کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنا تھا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ہفتے کے روز دوسرے کیریئر گروپ کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل نے آٹھ روز قبل حماس کے اسرائیل کے اندر غیر معمولی حملوں کے جواب میں غزہ پر بمباری کی مہم شروع کی ہے۔ حماس کے سات اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1,300 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہاں 2200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک چوتھائی بچے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کی توقع ہے کیونکہ اسرائیل چھوٹے، گنجان آباد علاقے پر متوقع زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے خبردار کیا ہے کہ ان کا ملک کارروائی کر سکتا ہے۔

انہوں نے الجزیرہ نیوز جینل کو بتایا کہ ایران نے اسرائیلی حکام کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ "اگر وہ غزہ میں اپنے مظالم بند نہیں کرتے تو ایران محض مبصر نہیں رہ سکتا۔"

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا ہے تو امریکہ کو بھی بھاری نقصانات اٹھانا پڑیں گے۔

صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا ہے کہ اسرائیل کی کارروائیوں میں بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ کی تمام کوششیں کی جائیں۔

(اس خبر میں شامل معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG