رسائی کے لنکس

امریکہ: ری پبلیکن صدارتی امیدواروں کا مباحثہ


مٹ رومنی
مٹ رومنی

ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنےو الے صدارتی امیدوار پہلے باقاعدہ قومی مباحثہ کے لیےبدھ کی شب کیلی فورنیا کی 'رونالڈ ریگن صدارتی لائبریری' میں جمع ہورہے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب ٹیکساس کے گورنر رک پیری بھی پارٹی کے دیگر صدارتی امیدواروں کے ہمراہ کسی عوامی فورم میں شریک ہوں گے۔ رکِ پیری کو رواں ہفتے کے آغاز میں جنوبی کیرولائنا میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت سے آخری لمحات میں معذرت کرکے ٹیکساس لوٹنا پڑ گیا تھا جہاں جنگلات میں بھڑکتی آگ ان کی توجہ کی منتظر تھی۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کا کہناہے کہ رکِ پیری کی کیلی فورنیا کے مباحثہ میں شرکت تاحال یقینی نہیں۔

عوامی رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق 2012ء کے صدارتی انتخابات کے لیے ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے خواہاں افراد میں رک پیری اور میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی سب سے آگے ہیں۔ منی سوٹا سے ایوانِ نمائندگان کی منتخب رکن مچل بیکمن اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

دریں اثناء عوامی رائے عامہ کے دو حالیہ جائزوں کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب صدر براک اوباما امریکہ کی خستہ حال معیشت میں نئی زندگی پھونکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ان کی عوامی مقبولیت اپنے دورِ صدارت کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

امریکی صدر جمعرات کو کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی انتظامیہ کے منصوبے کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔ امکان ہے کہ منصوبے کے تحت 300 ارب ڈالرز کے وفاقی اخراجات اور محصولات میں کٹوتیوں کا اعلان کیا جائے گا تاکہ نئی ملازمتیں پیدا کی جاسکیں۔

ادھر ری پبلکن کے ممکنہ صدارتی امیدواران میں سے ایک مٹ رومنی نے گزشتہ روز اپنے متبادل معاشی منصوبے کا اعلان کیا جس میں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے محصولات میں کٹوتیوں، کاروباری سرگرمیوں پر حکومتی کنٹرول میں کمی، داخلی سطح پر توانائی کی زیادہ پیداوار اور چین کے خلاف پابندیوں کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ میں آئندہ صدارتی انتخابات 6 نومبر 2012ء کو ہوں گے جو ملکی تاریخ کے 57 ویں صدارتی انتخابات ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG