امریکہ نے شامی نژاد ایک امریکی شہری پر امریکہ میں شام کی حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے والے افراد کی جاسوسی کرکے ان کی معلومات شام کے ایجنٹوں کو فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی عہدے داروں نے بدھ کے روز کہاکہ محمد انس حاتم سعید پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ اور شام میں مظاہروں کے بارے میں معلومات اکھٹی کیں اورمظاہرے کرنے والوں کو خاموش کرانے، دھمکانے یا ممکنہ طورپر نقصان پہنچانے کے ارادے سے مذکورہ معلومات شام کی خفیہ ایجنسیوں کے حوالے کیں۔
امریکی ریاست ورجینیا میں بدھ کے روز سامنے آنے والے الزامات میں کہا گیا ہے کہ انس نےشام کی حکومت کے ایک غیر رجسٹرڈ ایجنٹ کے طورپر کام کیا اور ہتھیاروں کی خرید اور قانون نافذ کرنے والے امریکی اداروں کے لیے غلط دستاویزات تیار کیں۔
محکمہ انصاف نے کہاہے کہ سعید لیزبرگ ، ورجینیا کا رہائشی ہے ۔ اسے منگل کو گرفتار کیا گیا تھا اور بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے جاسوسی کے الزام پر زیادہ سے زیادہ 15 سال قید ہوسکتی ہے ، جب کہ غیر ملکی ایجنٹ کے طورپر کام کرنے پر 15 سال اور غلط دستاویزات کے ساتھ ہتھیاروں کی خرید پر 10 سال تک قید بھگتنا پڑ سکتی ہے۔