رسائی کے لنکس

سیڑھیاں چڑھنا یا واک کرنا؛ بہترین ایکسرسائز کیا ہے؟


ویب ڈیسک _ وزن کم کرنے کے لیے بیلنس ڈائٹ کے ساتھ ساتھ جسمانی مشقت یا ایکسرسائز کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ بہت سے لوگ واک کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ بعض جم یا مختلف قسم کی ایکسرسائز کرتے ہیں۔

لیکن ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واک کرنے سے زیادہ مؤثر سیڑھیاں چڑھنا ہے۔

اگر آپ اپنی روٹین میں چند منٹ سیڑھیاں چڑھنے کو شامل کر لیں تو یہ ایکسر سائز آپ کو فٹ رکھنے اور وزن کم کرنے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

اب آپ کے دماغ میں بھی یہی سوال ہو گا کہ واک کرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں کتنی کیلوریز برن کی جا سکتی ہیں؟

یونیورسٹی آف میلان کے ڈاکٹر البرٹو منیٹی نے انسان کی فزیکل ایکٹیوٹی یا نقل و حرکت پر ایک وسیع ریسرچ کی ہے۔

ان کی ریسرچ کے مطابق ایک سیدھی زمین پر واک کرنے کے مقابلے میں سیڑھیاں چڑھنے سے آپ 20 گنا زیادہ کیلوریز برن کر سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ سیڑھیاں اترتے وقت بھی آپ پانچ گنا زیادہ کیلوریز برن کر سکتے ہیں۔

انسان کی فزیکل ایکٹیوٹی پر ریسرچ کرنے والے ڈاکٹر البرٹو منیٹی نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سیڑھیاں چڑھنا ایک قسم کی ایکسر سائز ہے جو ہر کوئی کر سکتا ہے۔ ہمارے ارد گرد یا گھروں میں سیڑھیاں ضرور ہوتی ہیں۔ جم کے مقابلے میں یہ مفت میں میسر ہیں۔

ڈاکٹر البرٹو نے کیلوریز برن کرنے کے حوالے سے ایک آسان کیلکولیشن بھی بتائی ہے جس سے ہم اس بات کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ وزن کم کرنے کے لیے کتنی مؤثر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جسم کے ایک گلوگرام کو زمین پر ایک میٹر تک چلنے کے لیے 0.5 کیلوریز خرچ کرنا پڑتی ہیں۔ اسی طرح اگر ایک کلوگرام کو ورٹیکل ایک میٹر یعنی سیڑھیاں چڑھائی جائیں تو ایسا کرنے میں 10 کیلوریز خرچ ہوں گی۔ یعنی زمین پر چلنے کے مقابلے میں چڑھائی چڑھنا 20 گنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

ڈاکٹر البرٹو کے سائینٹیفک مطالعے کے مطابق سیڑھیوں پر سپورٹ کے لیے موجود گرل سیڑھیاں چڑھتے وقت بازؤں کے پٹھوں کے لیے بھی مؤثر ہوتی ہے۔

مطالعے کے مطابق سیڑھیاں چڑھتے وقت گِرل کا سہارا لینے سے بازو کا پٹھا بھی مشقت میں شامل ہو جاتا ہے جو کچھ نہ کرنے سے بہتر ہے۔

غیر سرکاری اور غیر منافع بخش ایسوسی ایشن یورپیئن سوسائٹی آف کارڈیولوجی نے رواں برس اپریل میں ایک ریسرچ پیش کی تھی جس میں ماہرین نے بتایا تھا کہ سیڑھیاں چڑھنا دل کی صحت کے لیے بھی اچھا ہے۔

ریسرچ کے مطابق دل کی صحت کے لیے ایکسرسائز یا فزیکل ایکٹیوٹی بہت معاون ثابت ہوتی ہے اور سیڑھیاں چڑھنا ایکسرسائز کی ایک آسان اور مؤثر قسم ہے۔

ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی روٹین اور کاموں میں لفٹس کی جگہ سیڑھیوں کا استعمال کریں۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG