رسائی کے لنکس

سینیٹر ویب ڈیموکریٹ صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دست بردار


سینیٹر جیم ویب کی دستبرداری کے بعد، ڈیموکرٹک پارٹی کے صدارتی انتخاب کی نامزدگی کی دوڑ میں صرف چار نام رہ گئے ہیں، جبکہ ان کے مقابلے میں، ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کی تعداد اب بھی 15 ہے

سابق امریکی سینیٹر جیم ویب ڈیموکرٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات کی دوڑ سے الگ ہوگئے ہیں۔ تاہم، انھوں نے کہا ہے کہ وہ آزاد صدارتی امیدوار کے طور پر انتخابات لڑ سکتے ہیں۔

سینیٹر جیم ویب کی دستبرداری کے بعد ڈیموکرٹک پارٹی کے صدارتی انتخاب کی نامزدگی کی دوڑ میں صرف چار نام رہ گئے ہیں، جبکہ ان کے مقابلے میں ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کی تعداد اب بھی 15 ہے۔

سینیٹر جیم نے نامزدگی کے دوڑ سے خود کو الگ کرنے کا اعلان منگل کو واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس میں کیا اور کہا کہ وہ چند بنیادی مسائل پر ڈیموکرٹک پارٹی کے مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔

بقول اُن کے، ’پارٹی لاکھوں پُرعزم محنت کش امریکیوں سے بھری پڑی ہے۔ لیکن، اس کی قیادت ان کی بہت سی پالیسیوں سے مطمئن نہیں۔ صحیح بات یہ ہے کہ میں ان میں سے کئی ایک کے ساتھ بہتر تعلقات نہیں تھے۔‘

جیم ویب نے واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں بھی کہا کہ دونوں ہی سیاسی جماعتوں میں پیسوں کی ریل پیل امریکہ میں جمہوریت کے لئے خطرہ ہے۔

ورجنیا سے تعلق رکھنے والے اس سابق سینیٹر کا کہنا ہے کہ وہ چند دنوں میں ملک کی خدمت جاری رکھنے کا کوئی حتمی طریقہ تلاش کرلیں گے۔

جیم ویب کی دستبرداری کے بعد، گرچہ ڈیموکرٹک امیدواروں کی تعداد 4 رہ گئی ہے۔ لیکن، اب بھی امید ہے کہ نائب امریکی صدر جو بائیڈن کسی بھی وقت صدارتی دوڑ میں شریک ہو سکتے ہیں۔ وہ اپنے ارادوں سے متعلق صحافیوں کے سوالوں کے جواب نہیں دے رہے۔

ادھر، میڈیا رپورٹوں کے مطابق، بائیڈن گذشتہ چند ہفتوں سے اپنے سیاسی مشیروں سے صلاح و مشورے میں مصروف ہیں اور حال ہی میں ڈلاویر سے تعلق رکھنے والے ایک پرانے سینیٹر نے بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ ہیلری کلنٹن کی جگہ سرفہرست ڈیموکرٹک امیدوار ہو سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG